جنتادل یو اور آر جے ڈی - بہار اسمبلی الیکشن متحدہ لڑیں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-08

جنتادل یو اور آر جے ڈی - بہار اسمبلی الیکشن متحدہ لڑیں گے

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بہار کی بر سر اقتدار جماعت جنتادل یو اور لالو پرساد یادو کی راشٹریہ جنتادل ریاستی اسمبلی الیکشن مل جل کر لڑیں گے اور نشستوں کی تقسیم کے لئے6رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نتیش کمار اور آڑ جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی دو گھنٹے کی ملاقات کے بعد سماج وادی پارٹی جنرل سکریٹیر رام گوپال یادو نے کہا کہ آج طے پایا ہے کہ آر جے ڈی اور جے دی یو، بہار الیکشن متحدہ طور پر لڑیں گے۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس سے باہر نکلتے ہوئے رام گوپال یادو نے کہا کہ6رکنی کمیٹی، نشستوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کرے گی لیکن انہوں نے اس کے ارکان نے نام بتانے سے انکار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نام نہیں بتائے جاسکتے ۔ دونوں جماعتیں فی کس3ارکان کا تقرر کریں گے جو نشستوں کی تقسیم کا فارمولہ طے کرنے کا اہم کام انجام دے گی ۔ چیف منسٹری کے پیچیدہ مسئلہ کے بارے میں پوچھنے پر سماج وادی پارٹی جنرل سکریٹری نے کہا کہ کوئی اختلاف نہیں ہے۔ یہ باتیں بعد میں طے ہوگی ۔ اپنی پارٹیوں کے قائدین کی کئی ہفتوں کی بحث و تکرات کے بعد نتیش کمار اور لالو پرساد یادو نئی دہلی میں ملائم سنگھ یادو کی قیام گاہ پر مل بیٹھے تاکہ سیاسی لحاظ سے حساس ریاست میں اقتدار پر قبضہ کی بی جے پی کی کوشش کو ناکام کرنے اتحاد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ جنتادل یو کے صدر شرد یادو بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ کئی ہفتوں کے بعد لالو پرساد اور نتیش کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ جنتادل یو زور دے رہی تھی کہ نتیش کمار کو امید وار چیف منسٹری بنایاجائے جبکہ لالو پرساد کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بعد میں طے ہوگا ۔ آج کی ملاقات جمعرات کو شرد یادو کے اس ادعا کے بعد ہوئی کہ آر جے دی ، جنتادل یو اور کانگریس مل جل کر اسمبلی الیکشن لڑیں گی ۔ ایک دلچسپ پیشرفت میں لالو پرساد اور نتیش کمار کی ملاقات سے قبل نتیش کمار ، کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے لئے ان کی قیام گاہ پہنچے ۔ چیف منسٹر بہار کی راہول سے ملاقات زائد از ایک گھنٹہ جاری رہی ۔ اس دوران چرچا رہا کہ بی جے پی سے مقابلہ کے لئے وسیع تر سیکولر اتحاد وجود میں آئے گا۔ راہول سے بات چیت کو جو آر جے ڈی اور جے ڈی یو قائدین سے ملاقات سے قبل ہوئی، یہ دکھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے کہ نتیش کمار، کانگریس کی ترجیحی پسند ہیں۔ آر جے ڈی اور جنتادل یو قائدین کے درمیان امید وار چیف منسٹر پر رسہ کشی کے بیچ کانگریس نے واضح کردیا تھا کہ وہ وسیع تر اتحاد کے حق میں ہیں جس میں لالو اور نتیش دونوں شامل ہیں ۔ اگر دونوں میں اتحاد نہ ہو تو وہ نتیش کا ساتھ دے گی۔

Bihar Assembly polls: RJD, JD(U) to contest assembly

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں