میگی کے بعد پاستا اور میکرونی کے نمونوں کی جانچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-09

میگی کے بعد پاستا اور میکرونی کے نمونوں کی جانچ

نئی دہلی
یو این آئی
میگی نوڈلس کے خلاف اقدام کے بعد مرکز نے آج تمام ریاستی حکومتوں کو فاسٹ فوڈ میکرونی اور پاستا کے نمونے جمع کرنے اور ان کی جانچ کے لئے لیباریٹریز کو روانہ کرتے ہوئے19جون تک رپورٹ بھیجنے کی ہدایت دی ہے ۔ سلامتی خوراک و معیارات اتھاریٹی آف انڈیا نے تمام ریاستوں میں اور مرکزی وزیر انتظام علاقوں کے محکمہ جات سلامتی خوراک کے کمشنرس کو ایک سرکولر روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا کہ میگی اور چند دیگر اشیا کے مختلف تجزیاتی نتائج سے ان کے مضر صھت ہونے کے شبہات پیدا ہوئے ہیں، ان شبہات کے پیش نظر ریاستوں کو مشورہ دیاجاتا ہے کہ میکرونی اور پاستا کے نمونوں کی بھی جانچ کروائی جائے ۔ اتھاریٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وائی ایس ملک کی جانب سے بھیجے گئے اس مراسلہ میں کہا گیا کہ نوڈلس، پاستا اور میکرونی غیر معیاری غذائی اشیا ہیں جو قانون ایف ایس ایس کی دفعہ22کے تحت آتے ہیں۔ ایف ایس ایس اے آئی نے ان غذائی اشیا کو مشروط منظوری دی ہے ۔ اس زمرہ میں شامل تمام دیگر غذائی اشیا کے محفوظ ہونے کاتجزیہ نہیں کیا گیا ۔ چنانچہ ریاستوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ایسی غذائی اشیا کے نمونے جمع کرتے ہوئے ان کی جانچ کروائیں ۔ سرکولر میں مزید کہا گیا کہ بعض غذائی اشیا کو بازار سے ہٹائے اور تلف کرنے کا اقدام بھی کیاجاسکتا ہے ۔ اتھاریٹی نے ہدایت دی ہے کہ یہ کام ترجیحی بنیاد پر مکمل کیاجائے اور19جون تک رپورٹ روانہ کردی جائے۔ ایف ایس ایس اے آئی کے احکام کے مطابق جن کمپنیوں کی غذائی اشیاکی جانچ کروانے کی ہدایت دی گئی ہے ، ان میں نیسلے، آئی ٹی سی، اندونیسن فوڈ لمٹیڈ ، جی ایس کے کنزیومر ہیلت کیر، سی جی فوڈس انڈیا ، ریچی انٹر نیشنل اور اے اے نیوٹریشن لمٹیڈ شامل ہیں ۔ جن غذائی اشیا کی جانچ کروانے کا حکم دیا گیا ہے ، ان میں پاستا اور میکرونی کے علاوہ بھجیا چکن اسٹاکس ، وائی وائی نوڈلس ، کوکا نوڈلس ، فوڈلس ، ریمن آٹا مسالہ اور یومی چکن نوڈلس شامل ہیں ۔

دریں اثنا جے پور سے آئی این ایس انڈیا کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب راجستھان کے جالور ضلع کے سانچور تھانہ پولیس نے مبینہ ملاوٹ والے میگی نوڈل مصنوعات کی تشہیر کرنے والے فلم اداکار امیتابھ بچن ، مادھوری دکشت پریتی زنٹا اور نیسلے انڈیا سے تعلق رکھنے والے تین افسران کے خلاف عدالت کے حکم پر کل مجرمانہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ سانچور تھانہ انچارج بھنور لال نے آج بتایا کہ سانچور کی ایک عدالت نے اس سلسلہ میں سانچور کے رہائشی بھیم رام چودھری کی جانب سے گزشتہ 3جون کو پیش گئے استغاثہ سماعت کرنے کے بعد مبینہ ملاوٹ والی میگی نوڈل کی مصنوعات کی تشہیر کرنے والے فلم اداکار امیتابھ بچن ، مادھوری دکشت ، پریتی زنٹا اور مصنوعات کی فروخت سے متعلق نیسلے کے منیجنگ ڈائریکٹر موہن گپتا، نیسلے انڈیا کے جوائنٹ ڈائرکٹر شاداب عالم اور مقامی ڈیلر اشونی بھائی پٹیل کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

After Maggi goes off shelves, FSSAI asks states to test pasta, macaroni

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں