شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے - 8 مشتبہ شدت پسند ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-08

شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے - 8 مشتبہ شدت پسند ہلاک

پشاور
اے ایف پی
پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقہ میں ہفتہ 6جون کو عسکریت پسندوں کے ایک کمپاؤنڈ پر امریکی ڈرون طیارے سے کئے گئے نئے میزائل حملوں میں سیکوریٹی حکام کے مطابق کم از کم آٹھ مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ مزائل حملے افغان سرحد کے قریب قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شوال کے مقام پر کئے گئے ۔ جہاں پاکستانی سیکوریٹی دستے پہلے ہی مقامی طالبان اور ان کے حامی غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق ایک اعلیٰ سیکوریٹی اہلکار نے بتایا کہ ان ڈرون حملوں میں کم از کم آٹھ مشتبہ دہشت گر د مارے گئے ۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی ایک سینئر سیکوریٹی عہدیدار نے اس کارروائی اور اس میں آٹھ ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔شمالی وزیرستان میں پاکستانی خفیہ اداروں کے مقامی اہلکاروںنے اے ایف پی کو بتایا کہ جن شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا وہ مبینہ طور پر عسکریت پسند وں کے اس حقانی نیٹ ورک کے جنگجو تھے ۔ ان انٹلیجنس اہلکاروں نے مزید کہا کہ جس وقت امریکی ڈرون طیاروں نے میزائلوں سے اس کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا اس وقت وہاں عسکریت پسندوں کا ایک اہم اجلاس ہو رہا تھا۔ شمالی وزیرستان پاکستان کی افغانستان کے ساتھ سرھدکے قریب ان 7نیم خود مختار قبائلی علاقوں میں شامل ہے جو2000ء کے بعد کئی سالوں تک طالبان عسکریت پسندوں اور ان کے ہم خیال القاعدہ نیٹ ورک کے جنگجوؤں کی کارروائیوں کا مرکز سمجھے جاتے تھے ۔ اس علاقے میں عام طور پر صحافیوںکو جانے کی اجازت نہیں دی جاتی اور اسی وجہ سے وہاں ہونے والی مسلح جھڑپوں ، سیکوریٹی آپریشن یا انسانی ہلاکتوں کی غیر جانبدارانہ ذرائع سے تصدیق انتہائی مشکل ہے ۔ پاکستانی سیکوریٹی دستوں نے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خاتمہ کے لئے مسلح آپریشن گزشتہ برس جون میں شروع کیاتھا ، جسے اب ایک سال ہوگیا ہے ۔ یہ فوجی آپریشن کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈیے پر طالبان کے اس حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا ، جس کے بعد اسلام آباد حکومت کی تحریک طالبان پاکستان یاTTPکے ساتھ مذاکرات کے ذریعے داخلی بد امنی کے مسئلے کا حل نکالنے کی کوششیں ناکام سمجھی جانے لگی تھیں ۔ شمالی وزیرستان میں یہ فوجی آپریشن گزشتہ برس دسمبر میں پشاور میں ایک آرمی پبلک اسکول پر کئے گئے طالبان کے اس حملے بعد تیز تر کردیا گیا تھا جس میں زیادہ تر اسکول کے بچوں سمیت153افراد مارے گئے تھے ۔

Eight killed in North Waziristan drone attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں