ایس این بی
کانگریس اور تلگو دیشم پارٹی کی پیشرو حکومتوں پر بد عنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے عوامی رقومات کو لوٹا ہے ۔ آج ضلع کریم نگر کے سلطان آباد میں تالابوں، ذخائر آب اور چھوٹے تالابوں کے احیا کے لئے ریاستی حکومت کے مشن کاکتیہ پروگرام میں شرکت کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ پیشرو حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں کسانوں کی خود کشیوں کے واقعات ہوئے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ پر غیر ضروری تنقیدیں کرنے پر نائب صدر اے آئی سی سی راہل گاندھی کی مذمت کی ۔ وزیر فینانس نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین اہم جائیدادوں پر غیر مجاز قبضوں میں ملوث رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ رقومات ، اس وقت کی بر سر اقتدار کانگریس کے قائدین کی جیبوں میں جانے کی وجہ سے اندراماہاؤزنگ اسکیم کے تحت تعمیر کردہ لاکھوں مکانات غریبوں کو حاصل نہیں ہوئے ۔ اس کے بر خلاف ٹی آر ایس حکومت نے10مہینہ میں اپنے وعدوں کی تکمیل کی ۔ علاوہ ازیں ٹی آر ایس حکومت نے عوام اور کسانوں کے لئے کئی بہبودی اسکیمات نافذ کئے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں اور کسانوں کی بہبود کے لئے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے17500کروڑ روپے کے کسانوں کے قرض معاف کئے ہیں اور مستقبل قریب میں بھی معاف کریں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت نے صرف بہبودی اسکیمات کو نافذ العمل کرنے کے لئے4200کروڑ روپے مختص کئے اور مزید200کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے ۔ وزیر فینانس نے عوام اور کسانوں سے اپیل کی کہ وہ زرعی مقاصد کے لئے تالابوں کے احیا کے پروگرام میں شرکت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ریاست کے کسان تالابوں کے احیا کے پروگرام میں شامل نہیں ہونگے ۔ انہیں اپنی فصلوں کے لئے پانی حاصل نہیں ہوگا۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں