بہار میں ستمبر اکتوبر میں اسمبلی انتخابات ممکن - الیکشن کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-18

بہار میں ستمبر اکتوبر میں اسمبلی انتخابات ممکن - الیکشن کمیشن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بہار میں اسمبلی انتخابات ستمبر۔ اکتوبر میں کسی وقت منعقد ہوسکتے ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ فہرست رائے دہنگان31جولائی تک تیار ہوجائے گی ۔ انہوں نے بہار کے انتخابات کو تمام انتخابات کا منبع قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ ابھی شیڈول کو قطعیت دینے کا عمل شروع نہیں کیا گیا ہے ۔ اسمبلی کی موجودہ میعاد نومبر میں ختم ہوگی ۔ زیدی نے کہا کہ انتخابی کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے شیڈول کا اعلان کرنے سے قبل موسمی حالات ، تہواروں ، امتحانات، تعطیلات ، مانسون، بارش و طوفان جیسے مسائل کا جائزہ لینا پڑے گا ۔ انہوں نے یہ بھی بتانے سے انکار کردیا کہ اسمبلی انتخابات کتنے مراحل میں منعقد کئے جائیں گے۔ زیدی نے کہا کہ بہار میں دولت کا ناجائز استعمال ایک بڑا مسئلہ ہے جس کی روک تھام کے لئے اس مرتبہ مزید منظم کوششیں کی جائیں گی ۔ وزارت قانون سے بعض قانونی ترمیمات کی منظوری کا انتظار ہے لیکن کمیشن اپنے اختیارات کے دائرہ میں انتخابی اخراجات پر نظر رکھے گا۔ زیدی نے پی ٹی آئی کو دئیے گئے اس انٹر ویو میں کہا کہ بہار کے تمام اسمبلی حلقوں کو تین زمروں میں تقسیم کیاجائے گا اور انتہائی حساس حلقوں میں مرکزی فورسس کی قبل از وقت تعیناتی کا منصوبہ ہے ۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں شرمناک شکست کے بعد بی جے پی کے لئے بہار کے اسمبلی انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جہاں زعفرانی پارٹی کو متحدہ جنتا پریوار سے مقابلہ کا سامنا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں