این ٹی راما راؤ کو بعد از مرگ بھارت رتن ایوارڈ کا مطالبہ - چیف منسٹر اے پی نائیدو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-29

این ٹی راما راؤ کو بعد از مرگ بھارت رتن ایوارڈ کا مطالبہ - چیف منسٹر اے پی نائیدو

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے بانی پارٹی این ٹی راما راؤ کو بھارت رتن ایوارڈ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی کے سالانہ اجلاس مہاناڈو میں قرار داد منظور کی گئی ۔ آج اجلاس کے دوسرے دن جو این ٹی راما راؤ کا 92واں یوم پیدائش بھی ہے، میں مرکز ی حکومت سے این ٹی راما راؤ کو بعد از مرگ بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔ قرار داد پیش کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ این ٹی راما راؤ نے سیاست میں داخل ہوتے ہوئے تہلکہ مچا دیا تھا ۔ ان کی دور اندیش قیادت میں1983میں ہی فورسیکوریٹی اسکیم کے تحت غریب عوام کو دوروپے کلو چاول سربراہ کیا گیا۔ ان ہی کے دور میں شعبہ زراعت کو نفع بخش پیشہ میں تبدیل کرنے انقلابی اقدامات کئے گئے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ حقیقت میں این ٹی آر کا دور حکومت فلاحی اقدامات کے لئے سنہری دور رہا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے مزید کہا کہ این ٹی راما راؤ کا دبدبا ایسا تھا کہ کانگریس پارٹی پر ہمیشہ ان کا خوف طاری رہا۔ کانگریس ہمیشہ تلگو دیشم پارٹی کو کمزور کرنے سازشیں کرتی رہی اور تلگو دیشم پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط بن کر ابھرتی رہی ۔ این ٹی راما راؤ کو نرم گو، ملنسار اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت قرار دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ جب رائلسیما شدید خشک سالی سے متاثر تھا، این ٹی راما راؤ نے جھولی پھیلا کر عطیات وصول کئے تھے ۔ جب جب تلگو قوم پر مصیبت آئی، این ٹی راما راؤ مسائل حل کرنے پیش پیش رہے ۔ انہوں نے ایسے عہد ساز شخصیت کے ساتھ کام کرنے کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار اور حوصلہ آج بھی سیاسی قائدین کے لئے مشعل راہ ہے ۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ این ٹی راما راؤ کی بدولت پسماندہ طبقات، درج فہرست اقوام و قبائل اور اقلیتوں کو اقتدار کے عمل میں شراکت داری حاصل ہوئی ۔ ان کے نقوش ہر ہندوستانی کے دلوں پر موجود ہیں ۔ ان ہی کی کوششوں کی وجہ سے سیاست کو نیا مفہوم حاصل ہوا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے این ٹی آر کے نام سے ساڑی دھوتی اسکیم شروع کی جائے گی ۔ ہندو تہوار دسہرہ تک400کروڑ روپے خرچ کرتے ہوئے غریب افراد میں نئے کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ گوداوری پشکر گھاٹوں پر این ٹی راما راؤ کے مجسموں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی ۔ رکن اسمبلی ہندو پور اور این ٹی راما راؤ کے فرزند فلم اسٹار این بالا کرشنا نے این ٹی راما راؤ کو انقلابی شخصیت قرار دیا جنہوں نے اپنے انداز حکمرانی سے حکمرانی کے طریقہ میں مثبت تبدیلیاں لائیں ۔ غریب عوام کی ترقی فلاح و بہبود کے لئے مثالی اسکیمات متعارف کیا۔ سماج کے تمام طبقات کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا۔ خاص کر خواتین کو33فیصد تحفظات جائیداد میں حصہ کے لئے قوانین تدوین کیے نیز مہیلا یونیورسٹی قائم کی ۔ چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت حکومت کو این ٹی آرکے نظریات پر چلنے والی حکومت قرار دیتے ہوئے بالا کرشنا نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کو ترقی، عوام کی خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تلگو دیشم پارٹی کو حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ جماعت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تلگو دیشم نہ صرف آندھرا پردیش بلکہ تلنگانہ میں بھی مضبوط ہے اور یقین ظاہر کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ریاست تلنگانہ میں تلگو دیشم کی حکومت قائم ہوگی ۔ قبل ازیں چندرا بابو نائیڈو ، این بالا کرشنا و دیگر قائدین نے این ٹی راما راؤ کے مجسمہ کو پھول مالا پہنائی اور بڑا کیک کاٹا ۔ آج صبح چندرا بابو نائیدو ان کی اہلیہ این بھونیشوری، فرزند لوکیش، بہو برہمنی ، برادر نسبتی این ہری کرشنا ، این بالا کرشنا، جونیر این ٹی آر، کلیان رام ، تارک رتنا، تلگو دیشم قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد این ٹی آر کی سمادھی واقع این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر آنجہانی قائد کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں