تلنگانہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کو عصری بنانے کا کام جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-02

تلنگانہ ایمپلائمنٹ ایکسچینج کو عصری بنانے کا کام جاری

حیدرآباد
پی ٹی آئی
مرکزی مملکی وزیر محنت و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت، نیشنل کیریر سرویس کے ذریعہ ایمپلائمنٹ ایکسچینجوں کو عصری بنانے کا کام کررہی ہے ۔ اسکیم کے تحت جن طلباء و نوجوانوں کے نام ایکسچینجوں میں درج ہیں انہیں دستیاب ملازمتوں کے سلسلہ میں ایس ایم ایس موصول ہوں گے ۔اور ملازمت کے متلاشی نوجوانوں کو ایمپلائمنٹ ایکسچینجوں کے چکر کاٹنے کی زحمت نہیں کرنی پڑے گی ۔ بنڈارو دتا تریہ یہاں یوم مئی کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ورکر کا نام ایمپلائمنٹ ایکسچینج میں درج ہے تو اس کا سیل فون نمبر بھی وہاں ہونا چاہئے ۔ رجسٹریشن کے بعد الکٹریشن، ویلڈر ، فٹر اور ایسی ہی ملازمتوں کی دستیابی کی صورت میں انہیں موبائل فون پر ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا ۔ رجسٹرڈ نوجوانوں سے انٹر ویو میں شرکت کے لئے کہاجائے گا۔مرکزی حکومت نیشنل کیرئیر سرویس کے ذریعہ ایمپلائمنٹ ایکسچینجوں کو عصری بنانے کا کام کررہی ہے جس پر400کروڑروپے کے مصارف عائد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت ورکرس کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کررہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو برسوں کے دوران ایک کروڑ نئی ملازمتیں پیدا کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ، میک ان انڈیا ، ڈیجیٹل انڈیا اور اسکل انڈیا پروگراموں پر عمل آوری کررہی ہے اور ان پروگراموں پر کامیاب عمل آوری کی صورت میں ملک میں عظیم تبدیلیاں رونما ہوں گی ۔ انہوں نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر زور دیا کہ وہ غیر منظم شعبہ کے ورکرس کی فلاح و بہبود کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس کا قیام عمل میں لائیں۔ تقریب میں کے چندر شیکھر راؤ بھی موجود تھے ۔ بنڈارو دتا تریہ نے مزید بتایا کہ حکومت غیر منظم شعبہ کے39کروڑ ورکرس کی سماجی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اسمارٹ کارڈ پہل پر بھی عمل آوری کررہی ہے ۔ ورکرس ، راشٹریہ سوستھ ہیما یوجنا ، عام آدمی بیما یوجنا پھر معمرین کو وظائف جیسی اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں کیونکہ اسمارٹ کارڈ کو ان اسکیموں سے جوڑ دیاجائے گا ۔ اس بات کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہ حیدرآباد کے اطراف و اکناف موجود صنعتیں مزید ترقی کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ساز گار ماحول کی اہمیت ہے ۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے16ہزار ہوم گارڈس اور12ہزار صحافیوں کے لئے ایکسیڈنٹ انشورنس کور کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے غیر منظم شعبہ میں کام کرنے والے مزدوروں کے فوائد میں بھی اضافہ کا اعلان کیا جو شادی، بچوں کی پیدائش اور معذوری کے علاوہ طبعی موت اور اسپتال میں علاج کے موقع پر فراہم کیے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت بہت جلد بلڈنگ سنٹرس پر اپنی پالیسی جاری کرے گی جس کے تحت ریاست میں ایسے کئی مراکز کا قیام عمل میں لایاجائے گا۔

Telangana - Govt to modernize 956 employment exchanges

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں