تلگو اخبار آندھرا پربھا میں حضور اکرم کی فرضی شبیہہ کی اشاعت پر سخت احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-02

تلگو اخبار آندھرا پربھا میں حضور اکرم کی فرضی شبیہہ کی اشاعت پر سخت احتجاج

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ایک تلگو روزنامہ آندھرا پربھا میں حضور اکرم ﷺ کی فرضی شبیہ کی اشاعت کے خلاف مجلس اتحاد المسلمین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے اس روزنامہ کے ایڈیٹر، پبلیشر کے خلاف فوری کارروائی کرنے، انہیں گرفتار کرنے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ معتمد عمومی و رکن اسمبلی مجلس اتحاد المسلمین جناب سید احمد پاشاہ قادری کی قیادت میں مجلس کے ایک وفد نے جس میں رکن اسمبلی احمد بلعلہ اور سابق میئر محمد ماجد حسین شامل تھے اس گستاخانہ حرکت پر آج جوائنٹ کمشنر پولیس انجنی کمار سے ملاقات کی اور انہیں ایک تحریری یادداشت بھی پیش کی ۔ جناب احمد پاشاہ قادری نے بتایا کہ آندھرا پربھا تلگو روز نامہ کی یکم مئی کی اشاعت میں ایک مضمون پیغمبر اسلام محمد ﷺ کے بارے میں تحریر کیا گیا اور اس مضمون کے ساتھ حضور ﷺ کی فرضی شبیہ بھی پیش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس شبیہ کی اشاعت سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ڈنمارک اور فرانس میں اس طرح کی حرکت کی وجہ سے ساری دنیا کے مسلمانوں نے احتجاجی مظاہرے کئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس اخبار نے اس فرضی شبیہ کی اشاعت کے ذریعہ سارے دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی موجودہ صورتحال میں اس اخبار کی اس طرح کی مذموم حرکت سے مسلمانوں میں غم و غصہ پایاجاتا ہے ۔ نہ صرف تلنگانہ، آندھرا پردیش بکہ سارے ملک اور بیرون ملک سے اس مذموم حرکت کے خلاف مسلمانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ انہوںنے پولیس پر زور دیاکہ سیکشن153(A)اور سکشن295(A)کے تحت فوری کارروائی کی جائے ۔ پبلیشر اور ایڈیٹر کو گرفتار کیاجائے ۔ اس اخبار کی تمام نقولات ضبط کرلی جائیں ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ اس کی ترسیل کو فوری روک دیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی اس اشتعال انگیز کوشش کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی ضرورت ہے ۔ انجنی کمار نے وفد کو بتایا کہ پولیس اس غیر ذمہ دارانہ حرکت کا سخت نوٹ لے گی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اس اخبار کے ایڈیٹر اور پبلیشر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انٹر نیٹ اور سوشیل میڈیا کے ذریعہ اس اخبار کی ترسیل کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔

Prophet (pbuh) depicted in Andhra Prabha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں