وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کے ہاتھوں سوچھ حیدرآباد پروگرام کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-17

وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کے ہاتھوں سوچھ حیدرآباد پروگرام کا افتتاح

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
حیدرآباد کو صاف شفاف عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کے مقصد سے سوچھ حیدرآباد پروگرام کا آغاز عمل میں آیا۔ آج حیدرآباد انٹر نیشنل کنونشن سنٹر میںمنعقدہ پر اثر تقریب میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے پروگرام کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نرسمہن نے کہا کہ سوچھ حیدرآباد کے ذریعہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بہت بڑے پروگرام کو شروع کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت حکومت، عوام کی د ہلیز تک پہنچنے جارہی ہے جس کے ذریعہ حکومت عوام کے احساسات ، مسائل اور حکومت کی کارکردگی جاننے کا موقع ملے گا ۔ حکومت کو اگرچہ تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا تاہم ریاست کے عوام کےHappiness Indexکا پتہ چل سکے گا ۔ حکومت کے اس اقدام کو قابل مبارکباد قرار دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ حکومت اس پروگرام کے ذریعہ عوام میں احساس ذمہ داری ابھارنے صحت عامہ اور صفائی کی افادیت کے متعلق شروع بیدا ر کرنے جارہی ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ جوش وخروش کے ساتھ اس مہم میں شامل ہوجائیں اور ایسا ماحول تیار کریں جس کے بعد مستقبل میں کوئی بھی شخص کھلے عام گندگی پھیلانے کی ہمت نہ کرسکے ۔ ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ یہ پروگرام مکمل طور پر غیر سیاسی اور عوام کے مفاد میں ہے اس لئے ہر سیاسی و غیر سیاسی شخص کو اس مہم کا حصہ بن کر ہمارا حیدرآباد کے نظریہ کو فروغ دینا چاہئے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد آفات سماوی سے محفوظ تاریخی شہر ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس عظیم شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی تسلی بخش نہیں ہے ۔ چیف منسٹر نے تمام عہدیداروں کو شہر کی بستیوں کا دورہ کرنے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کرنے اور عوام کی سہولت کے مطابق بستیوں کو مسائل سے پاک اور صاف ستھرا بنانے کے لئے منصوبہ تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عہدہداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اتحاد کی طاقت ا ور صفائی کی افادیت سے واقف کرائیں ۔ ان میں پلان یوور ولیج پلان یوور اسٹریٹ کے نظریہ کے باریک نکات نیز حاصل ہونے والے فوائد سے آگاہ کریں تاکہ حیدرآباد کو ایک صاف ستھرے عظیم شہر میں تبدیل کیاجاسکے۔
کے چندر شیکھر راؤ نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں جاروب کشوں و دیگر صفائی عملہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ ہماری آنکھ کھلنے سے قبل شہر کو گندگی سے پاک کرنے والے ان اشخاص کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور وہ ان کی خدمات کو سلام کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآبادمیں اس مہم کے اختتام کے بعد اضلاع، ٹاؤنس اور دیہاتوں میں سوچھ تلنگانہ مہم شروع کی جائے گی ۔ مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتا تریہ نے شہر کو صاف ستھرا بنانے شروع کردہ مہم کو تاریخی قرار دیا ۔ انہوں نے حکومت سے شہر کے ڈرینج نظام میں بہتری لانے کا مشورہ دیا ۔ بنڈارو دتا تریہ نے کہا کہ سوچھ حیدرآباد پروگرام کے لئے نیتی آیوگ کی جانب سے75کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں اور مشورہ دیا کہ حکومت تلنگانہ مزید فلاحی اقدامات شروع کرے تاکہ نیتی آیوگ کی جانب سے مناسب فنڈس جاری کئے جاسکیں ۔ اسپیشل کمشنر مجلس بلدیہ حیدرآباد سومیش کمار نے کہا کہ آج سے20مئی تک جاری رہنے والی مہم میں مختلف محکمہ جات کے36ہزار ملازمین اور شہر کے تقریباً ایک کروڑ عوام حصہ لیں گے۔ سوچھ حیدرآباد کے مقصد کو حاصل کرنے شہر کو425اکائیوں میں تقسیم کیا گیا ۔ ہراکائی کی سرپرستی عوامی نمائندے بشمول گورنر و چیف منسٹر ، وزرائ، ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی، ارکان کونسل، آئی اے ایس ، آئی پی ایس ، آئی ایف ایس اور آئی آر ایس عہدیداروں کے علاوہ سماج کے ذی اثر شخصیات کریں گے ۔ روزانہ3600ٹن کچرے کی نکاسی کی جائے گی ۔ اس پروگرام کو عوامی انقلاب سے تعبیر کرتے ہوئے سومیش کمار نے عوام سے بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہوئے شہر کو عالمی معیار کا حامل خوبصورت شہر میں تبدیل کرنے میں تعاون کرنے کا مشورہ دیا ۔ قبل ازیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے ہاتھوں سوچھ حیدرآباد، تلنگانہ کالوگو، سی ڈی اور سماجی ویب سائت ، فیس بک کار رسم اجرا عمل میں آیا ۔ اس موقع پر اسپیکر اسمبلی ایس مدھو سدن چاری صدر نشین کونسل ایس سوامی گوڑ ، ریاستی وزرا ٹی ناگیشور راؤ، ٹی ہریش راؤ ایس جگدیشور ریڈی، جی رامنا ، اندرا کرن ریڈی، این نرسمہا ریڈی ، محمود علی ،کے سری ہری، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریدی، آئی پی ایس ، آئی اے ایس و دیگر عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ راجیو شرما نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

Swach Hyderabad campaign launched by KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں