بی جے پی کسانوں کے مسائل کو نظرانداز نہ کرے - شیوسینا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-14

بی جے پی کسانوں کے مسائل کو نظرانداز نہ کرے - شیوسینا

ممبئی
ایجنسیاں
شیو سینا نے بی جے پی کو نصیحت دی ہے کہ وہ قدرتی آفات اور خود کشی کا دکھ جھیل رہے کسانوں کے غصہ کو دعوت نہ دے اور نہ ہی ان کے مسائل کو نظر اندازکرے ۔ شیو سینا نے اپنے ترجمان'سامنا' میں لکھا ہے کہ ہم یقینا مرکز اور ریاست میں بی جے پی کے اتحادی ہیں لیکن ہم بی جے پی کے سامنے جھکنے والے نہیں ہیں ۔ جب کبھی ضرورت ہوگی ہم لوگوں کے مفاد میں آواز اٹھائیں گے ۔ شیو سینا نے کسانوں کے مفادات کو ترجیح دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ وہ2014کے انتخابات کے دوران کسانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت سے ٹکر لینے سے پیچھے نہیں گی ۔ پارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ جب شیو سینا کے رہنما انیل دیسائی نے راجیہ سبھا میں کسانوں کی خود کشی کا سوال اٹھایا تو پ ریشان کرنے والا جواب سامنے آیا ۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فد نویس بار بار دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے بے موسم بارش سے متاثر کسانوں کی مدد کے لئے مرکز سے مطالبہ کیا ہے ، لیکن مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ کا جواب وزیر اعلیٰ کے دعوے کو جھٹلاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مرکز وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے کسانوں کی مدد کے لئے مہاراشٹر حکومت سے کسی طرح کی تجویز ملنے سے انکار کیا ہے ۔ شیو سینانے بی جے پی سے پوچھا ہے کہ کون ہے جو کسانوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے ؟ ریاست کے وزیر زراعت ایکناتھ کھڈسے کہہ رہے ہیں کہ مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے جو کہا وہ غلط ہے ۔ دونوں وزیر ایک دوسرے کو جھوٹا قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں تو پھر سچ کون بول رہا ہے ؟ شیو سینا نے کہا کہ جب کبھی قدرتی آفت آتی ہے، حکومت ان کے لئے فوری طور پر مدد کا اعلان کرتی ہے لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا وہ مدد ان تک پہنچتی بھی ہے جن کے لئے اسے جاری کیا گیا ہے ۔ شیو سینانے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کی حکومت ریاست کے کسانوں پر توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

Do not take the curse of farmers. Speak the truth
Shiv Sena hits out BJP in Saamana over farmer suicides

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں