رائٹر
سعودی زیر قیادت اتحادی افواج نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک کے مضبوط گڑھ صوبہ صعدہ میں کئی فضائی حملے کئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے آج یہ اطلاع دی ۔ حملوں میں بنی معاذ میں حوثیوں کے زیر کنٹرول دو مراکز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں صعدہ شہر کے اولڈ کوارٹر میں ایک مائن فیکٹری اور مطلعات علاقہ میں ایک مواصلاتی مرکز تباہ ہوگیا ۔ صعدہ کے ساکنین نے بتایا کہ حملوں میں حوثی تحریک کے بانی حسین الحوثی کا مقبرہ تباہ ہوگیا ۔ نیز صوبہ کے مغربی حصہ میں بھی زبردست گولہ باری کی گئی۔ یہ علاقہ سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر واقع ہے اور حجہ میں13دیہاتیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ یہ علاقہ بھی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ مقامی افراد نے یہ بات بتائی ۔ اموات کی اطلاعات کی فوری طور پر آزادانہ ذرائع سے توثیق نہیں ہوسکی ۔ اس تازہ بمباری سے قبل سعودی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد العسیری نے خبردار کیا تھا کہ یمنی ملیشیا سرخ لکیر عبور کرچکی ہے اور اب ان کے ساتھ مختلف انداز سے نمٹا جائے گا ۔ یمن کے سیکوریٹی حکام کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے صعدہ میں متعدد مقامات پر بمباری کی ہے اور دارالحکومت صنعاء سے مغرب میں واقع شہر حدیدہ میں بھی حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ اتحادی طیاروں نے عدن پر بھی پروازیں کی تھیں لیکن وہاں کوئی حملہ نہیں کیا ۔ ادھر سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیر دفاع محمد بن سلمان کی سربراہی میں رات مسلح افواج کے کمانڈروں کا اجلاس ہوا جس میں یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری آپریشن اور ان کی جانب سے سعودی عرب کے سرحدی علاقوں پر گولہ باری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر احمد العسیری نے اپنی معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہروں اور شہریوں پر حملوں کے بعد اب فارمولا تبدیل کردیاگیا ہے ۔ جنہوں نے اس جارحیت کی منصوبہ بندی کی اور اس کو عملی جامہ پہنایا ہے، انہیں اب اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ دریں اناء سعودی عرب کے ملکیتی نشریاتی اداروں نے سعودی فوج کی صعدہ میں رہنے والے یمنیوں کے لئے بار بار انتباہ نشر کئے ہیں اور انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ حوثیوں کی فوجی تنصیبات اور ہیڈ کوارٹرس سے دور رہیں۔ حوثیوں سے وابستہ المسیرہ ٹی وی نے جمعرات کو عدن کے ایک اہم علاقہ میں اپنے جنگجوؤں کو موجود دکھایا تھا اور یہ اطلاع دی تھی کہ صدارتی محل پر ان کا قبضہ ہوچکا ہے ۔ صعدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر اس نئی بمباری سے قبل سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے یمن میں امدادی سامان مہیا کرنے کے لئے پانچ روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی لیکن ساتھ انہوں نے کہا تھا کہ حوثیوں کو اس کی پاسداری کرنا ہوگی ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس عارضی جنگ بندی کی تجویز کا خیر مقدم کیا تھا۔
Saudi-led forces conduct airstrikes in Yemen's Saada
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں