سعودی سرزمین پر حوثیوں کا پہلا میزائل حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-07

سعودی سرزمین پر حوثیوں کا پہلا میزائل حملہ

ریاض
رائٹر
یمن کے حوثی جنگجوؤں نے سعودی عرب کے ایک سرحدی قصبہ پر مارڈر و راکٹس داغے ہیں جو عرب اتحاد کی مارچ میں ان کے خلاف فوجی مہم شروع ہونے کے بعد سے پہلا حملہ ہے ۔ اتحادیوں کے ترجمان بریگیڈ یر جنرل احمد اسیری نے بتایا کہ یمن کے سرحد سے صرف3کلو میٹر دور نجران میں ایک اسکول اور ہسپتال میزائل حملہ کی زد میں آئے جس کے بعد حکام کو علاقہ کی تمام اسکول بند کردینے پر مجبور ہونا پڑا ۔ فوری طور پر ہلاکتوں کی تفصیلات معلوم نہ ہوسکیں ۔ یہ حملہ ریاض کے پیر کو دئیے گئے اس بیان کے بعد کیا گیا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ امداد و راحت رسائی کے لئے وہ جنگ بندی پر غور کررہا ہے۔ مفرور صدر عبدالربہ منصور ہادی نے بھی جو سعودی عرب میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں، یمن کے سیاسی گروپوں سے بات چیت کی اپیل کی ہے ۔ جنرل اسیری نے فون پر دئیے گئے انٹر ویو میں کہا کہ رہائشی ضلع میں مارٹر اور کیتو شا میزائل اندھا دھند داغے گئے جو بد قسمتی سے لڑکیوں کے ایک اسکول، ہسپتال اور چند مکانات پر گرے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملہ پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ شاہ سلمان نے یمن میں انسانی ہمدردی کے تحت راحت رسانی کے لئے ایک مرکز قائم کرنے کا کل ہی اعلان کیا تھا اور اقوام متحدہ کو راحتی کاموں میں شامل ہونے کی دعوت دی ۔ حملہ کے بعد کی ٹیلی ویژن تصاویر میں ٹوٹے ہوئے راستے، تباہ شدہ مکانات اور کاریں دیکھی گئیں ۔ الجزیزہ کی اطلاع کے مطابق نجران ایر پورٹ کے لئے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جو یمن کی سرحد سے صرف2تا3کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے ۔ یمن میں عینی شاہدین نے اطلاع دی کہ سعودی فوج نے حوثی جنگجوؤں کے میزائل حملہ کے بعد یمنی علاقہ پر گولہ باری کی۔ حوثی ذرائع نے بتایاکہ فضائی حملوں میں کم از کم43شہری ہلاک اور تقریباً100دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع نے بھی سعودی عرب کی سرحد سے شدید گولہ باری کی توثیق کی ہے ۔ اسی دوران عدن سے موصولہ رائٹر کی اطلاعات میں کہا گیا کہ شہر میں گھمسان کی لڑائی سے بچ کر فرار ہونے کی کو شش کرنے والے کم از کم40یمنی شہری اس وقت ہلاک ہوگئے حوثی جنگجوؤں نے ان کی کشتی پر گولہ باری کی۔ راحتی کارکنوں اور عینی شاہدین نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ عدن کے ضلع الطواحی سے تقریباً50افراد ایک کشتی کے ذریعہ مغرب میں البریقہ کے محفوظ علاقوں کی طرف کوچ کررہے تھے کہ جنگجو ؤں نے انہیں نشانہ بنایا۔

Saudi border town hit by Houthi shelling amid GCC summit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں