ہندوستان کے امور میں دخل اندازی بند کی جائے - راجناتھ سنگھ کا پاکستان کو انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-28

ہندوستان کے امور میں دخل اندازی بند کی جائے - راجناتھ سنگھ کا پاکستان کو انتباہ

جموں
پی ٹی آئی
ہندوستان کے معاملات میں مداخلت بند کردینے پاکستان کو واضح پیام دیتے ہوئے وزر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اگر پڑوسی ملک خود اپنی بھلائی چاہتا ہے تو اسے اپنی مذموم حرکتیں بند کردینی چاہئے۔راج ناتھ سنگھ نے جمون میں جن کلیان پرو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان خود اپنی بھلائی چاہتا ہے تو اسے دیگر ممالک کے امور میں مداخلت بند کردینی چاہئے۔ اسے ہندوستان کے خلاف اپنی مذموم حرکتوں سے باز آجانا چاہئے۔ ہندوستان کی یکجہتی و خود مختاری اور اس کے غرور کو نقصان پہنچانے کے خواہاں افراد کو سخت انتباہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ایسے افراد کو منہ توڑ جواب دے گا۔ ہمیں اپنی فوج ، نیم فوجی فورسس اور دیگر فورسس پر بھروسہ ہے۔ ان کی دیانتداری اور ملک سے محبت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاسکتا ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ اپنے پڑوسی ملک بشمول پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے ، لیکن پاکستان نے ہمیشہ پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا لیکن اس نے پیٹھ میں خنجر بھونکا۔ جب وزیر اعظم نریندر مودینے ایک سال پہلے حلف لیا تو انہوں نے تمام پڑوسی ممالک کے سربراہان بشمول وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو اپنی حلف برداری تقرب میں مدعوکیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی حرکتوں پر غور کرنا چاہئے ، کیونکہ وہ ہندوستان کے مثبت رد عمل پر جوابی خیر سگالی کا مظاہرہ نہیں کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلح افواج بالخصوص بی ایس ایف کو واضح احکام جاری کردیے ہیں کہ وہ سرحد پار سے کسی بھی جارحیت سے اپنی پوری طاقت سے نمٹے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان نے کسی اشتعال انگیزی کے بغیر لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی۔میں نے ٹی وی پر دیکھا کہ ہمارے پانچ شہری ہلاک ہوگئے ۔ اگر سرحد پار سے ہم پر فائرنگ کی جاتی ہے تو پاکستان کو پوری طاقت کے ساتھ منہ توڑ جواب ملنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا یہ مضبوط ایقان ہے کہ دنیا کے ہر ملک کو ترقی کرنی چاہئے اور ہندوستان فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں یقین رکھتا ہے۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ آج ایک ریالی سے خطاب کرنے کے لئے جب جموں پہنچے تو بند بازاروں اور خالی سڑکوں نے ان کا استقبال کیا کیوںکہ مجوزہ ایمس کو جموں و کشمیر سے منتقل کرنے کے خلاف شہر میں ایک روزہ بند منایا جارہا ہے ۔ ایمس کو آرڈنیشن کمیٹی نے جو زائد از70سماجی، مذہبی ، سیاسی ، اور تجارتی تنظیموں پر مشتمل ہے۔ آج ایک روزہ بند کی اپیل کی تھی ۔ اتفاقا راج ناتھ سنگھ بھی آج ہی کے دن جموں کا دورہ کررہے ہیں۔ کمیٹی کے ارکان نے جو اپنے ہاتھوں میں بیانر اٹھائے ہوئے اور سنگھ کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے، شہر میں کئی مقامات پر احتجاج کیا۔ جموں بار اسوسی ایشن اور جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے ارکان نے یہاں ڈوگراچوک پر دھرنا دیا۔

Stop meddling in India's affairs, Rajnath warns Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں