راجیو گاندھی کی برسی تقاریب - صدر جمہوریہ و نائب صدرکی عدم شرکت نمایاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-22

راجیو گاندھی کی برسی تقاریب - صدر جمہوریہ و نائب صدرکی عدم شرکت نمایاں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر آج یہاں ان کی یادگار پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور نائب صدر حامد انصاری کی غیر موجودگی نمایاں طور پر محسوس کی گئی ۔ صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ یہاں ویربھومی پر پروگرام میں شرکت سے گہری دلچسپی رکھتے تھے ، تاکہ آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت ادا کرسکیں ۔ ایک سینئر کانگریس قائد نے بتایا کہ تاہم آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں نے جو پروگرام کے منتظمین تھے ، دونوں قائدین سے یہ اپیل کرنے کا فیصلہ کیا کہ وہ راجیو گاندھی کی برسی میں نہیں بلکہ صرف یوم پیدائشتقریب میں شرکت کریں ۔ یادرہے کہ مرکز میں10سال تک بر سر اقتدار رہنے کے بعد کانگریس اب حکومت سے محروم ہوگئی ہے ، جس کے بعد یہ پہلی برسی منائی جارہی ہے۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے2012میں اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ برسی سادگی سے منائی جائے ۔ اس کے علاوہ مودی حکومت نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے کہ قائدین کی یوم پیدائش اور برسی تقاریب حکومت کی جانب سے نہیں بلکہ ان کے خاندان کی جانب سے منعقد کی جائیں ، صرف مہاتما گاندھی اس سے مستثنیٰ ہیں ۔ عام طور پر راجیو گاندھی کی یوم پیدائش اور برسی تقاریب میں صدر جمہوریہ، نائب صدر اور دیگر سینئر قائدین شرکت کیا کرتے تھے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے تھے۔ر اجیو گاندھی کو جو ہندوستان کے چھٹے اور سب سے نوجوان وزیر اعظم تھے ،21 مئی1991کو ٹاملناڈو کے سری پیر مبدور میں انتخابی مہم کے دوران قتل کردیا گیا تھا ۔ راجیو کی بیوہ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی ، ان کے لڑکے اور پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی ، دختر پرینکا گاندھی اور داماد رابرٹ وڈرا نے آج ویر بھومی پہنچ کر گلہائے عقیدت نچھاور کئے ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کئی پارٹی قائدین بشمول پی سی چاکو، آسکر فرنانڈیز غلام نبی آزاد ، اجئے ماکن بھی ایسے قائدین میں شامل تھے جنہوں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ یواین آئی کے بموجب ویر بھومی پر دعائیہ اجتماع بھی منعقد کیا گیا۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی24ویں برسی پر آج خراج عقیدت پیش کیا۔ نریند رمودی نے اپنے ٹوئٹ پیام میں ’’سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی برسی کے موقع پر خراج‘ ‘ لکھا۔ اسی دوران چیف منسٹر مغربی بنگال و صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی24ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ راجیو گاندھی ہمارے درمیان نہیں ہیں مگر ان کی یادیں اور ان کے کارنامہ باقی ہیں۔ ممتا بنرجی، راجیو گاندھی کے دور میں ہی پہلی مرتبہ پارلیمنٹ پہنچی تھیں ۔ ملک کے مختلف حصوں میں مختلف منعقدہ پروگرام میں سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں راج بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ راجیو گاندھی ملک کے چھٹے اور سب سے کم عمر وزیر اعظم تھے ۔ ٹاملناڈو کے شری پد مبدور میں21مئی1991ء کو ایک انتخابی ریلی میں ایل ٹی ٹی ای کے ایک انسانی بم نے مسٹر گاندھی کو قتل کردیا تھا۔

President, Vice President conspicuous by their absence at Rajiv's memorial

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں