راہول گاندھی کا وسط مئی میں دورہ تلنگانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-02

راہول گاندھی کا وسط مئی میں دورہ تلنگانہ

حیدرآباد
آئی اے این ایس
پنجاب اور مہاراشٹرا میں کسانوں سے ملاقات کے بعد نائب صدر کانگریس راہول گاندھی جاریہ ماہ تلنگانہ کا 2روزہ دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ کسانوں کے مسائل اور خود کشی کے واقعات پر توجہ مرکوز کرسکیں ۔ راہول گاندھی امکان ہے کہ ماہ مئی کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں تلنگانہ پہنچیں گے تاکہ کسانوں کی خود کشی کے نتیجہ میں پریشان حال ارکان خاندان سے ملاقات کرکے انہیں تسلی دے سکیں ۔ راہول گاندھی کے دو روزہ دورہ تلنگانہ کی تواریخ کو تاحال قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ سینئر پارٹی قائد محمد علی شبیر نے آئی اے این ایس کو یہ بات بتائی ۔ نائب صدر کانگریس اپنے دورہ تلنگانہ میں امکان ہے کہ ضلع عادل آباد کے نرمل لاؤن کا دورہ کرکے کسانوں اور قبائلیوں کے خاندانوں سے ملاقات کریں گے ۔ اور ان کے مسائل دریافت کریں گے ۔ پارٹی ذرائع نے ضلع میدک کے دورہ کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا ہے ۔ واضح ہو کہ ضلع میدک، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا آبائی ضلع ہے ۔ راہول گاندھی اپنی دو ماہ طویل غیر حاضری کے بعد منظر عام پر آتے ہی کافی جارحانہ رخ اختیار کرچکے ہیں ۔ امکان ہے کہ وہ حیدرآباد پر یس کلب میں سینئر صحافیوں اور اخبارات کے مدیروں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ تلنگانہ ہوگا۔ وہ اس دورہ میں ریاست میں حکمراں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں پر سے پردہ اٹھائیں گے ۔ اور11ماہ کے دوران حکومت سے جو کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں ۔انہیں اجاگر کریں گے ۔ وہ مہاراشٹر کے علاقہ دربھا کی طرز پر تلنگانہ کے بھی کئی مواضعات میں پد یاترا کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ وہ بالخصوص ایسے کسان خاندانوں سے ملاقات کرنے کے خواہاں ہیں جن کے کسی نہ کسی رکن خاندان نے فصل ناکام ہوجانے ہونے یا قرض کے بوجھ سے پریشان ہوکر خود کشی کرلی تھی۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ وہ ہر خاندان کے ساتھ اس کے گھر میں تقریباً10منٹ گزاریں گے ۔ وہ اپنے دورہ تلنگانہ میں ایک بھی جلسہ عام سے خطاب نہیں کریں گے ۔ کیونکہ وہ پارٹی سے اس بات کے خواہاں نہیں ہیں کہ عوام کو ایک جگہ جمع کر ے۔ انہوں نے بتایا کہ کہ پد یاترا کے لئے ہر ایک اسمبلی حلقہ سے تقریباً200کیڈرس کو منتخب کای جائے گا اورپھر عوام رضاکارانہ طور پر پہنچتے ہیں تو یہ ان کی مرضی پر منحصر ہے ۔ تلنگانہ کے سینئر کانگریس قائد نے دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ کے منصوبہ سے کانگریس کیڈر میں نیا جوش بھر گیا ہے ۔ کیڈر امید کرتا ہے کہ راہول گاندھی کے دورہ سے کیڈر کا مورال بلند ہوگا اور پارٹی کو ایک نیا اعتماد حاصل ہوگا جس کے نتیجے میں وہ آئندہ انتخابات میں حکومت میں واپس ہوسکتی ہے۔ واضح ہو کہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کا کارنامہ تھا اس کے باوجود پارٹی کو اس کا رنامہ کا کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ گزشتہ سال اپریل میں منعقدہ عام انتخابات میں علاقہ تلنگانہ کی119اسمبلی نشستوں میں اسے صرف26نشستیں حاصل ہوئی تھیں ۔ پارٹی قائدین کا تاہم یہ دعویٰ ہے کہ عوام کو اس بات کا احساس ہوتا جارہا ہے کہ انہوں نے کانگریس کو ووٹ نہ دے کر غلطی کی۔ قائدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام نے ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کو اس لئے ووٹ دیا کہ انہوں نے تحریک تلنگانہ کی قیادت کی تھی تاہم11ماہ بعد عوام کو اس بات کا ادراک ہوچکا ہے کہ چندر شیکھر راؤ اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوتے جارہے ہیں ۔ نوجوانوں میں ایک قسم کا تناؤ پایاجاتا ہے اور تہ تمام کانگریس کی طرف واپس آتے جارہے ہیں ۔ تلنگانہ کے کانگریس قائدین کا یہ ماننا ہے کہ ریاست کے عوام آج بھی سونیا گاندھی کا احترام کرتے ہیں اور راہول گاندھی سے محبت رکھتے ہیں ، کیونکہ انہوں نے علیحدہ تلنگانہ کے ان کے طویل اور دیرینہ خواب کی تکمیل کی ۔ راہول گاندھی کے دورہ تلنگانہ سے کانگریس قائدین امید کرتے ہیں کہ عوام پارٹی کے قریب ہوں گے اور کانگریس کیڈر میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگا ۔ کانگریس قائدین کا الزا م ہے کہ ٹی آر ایس بر سر اقتدار آنے کے بعد سے اب تک ریاست میں700کسانوں نے خود کشی کرلی۔ راہول گاندھی ایک ایسے وقت تلنگانہ کا دورہ کررہے ہیں جب کہ غیر موسمی بارش سے کسانوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے ۔

Rahul Gandhi to go on yatra in Telangana in mid May

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں