عوام کو عام آدمی پارٹی کا تجربہ مہنگا ثابت ہوا - ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

عوام کو عام آدمی پارٹی کا تجربہ مہنگا ثابت ہوا - ارون جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کے ساتھ عام آدمی پارٹی حکومت کی رسہ کشی پر تنقید کی اور کہا کہ پارٹی پر عوام کا تجربہ نہایت مہنگا ثابت ہوا ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ عاپ حکومت کو تاریخی خط اعتماد کو جو اسے دہلی اسمبلی انتخابات میں حاصل ہوا ہے ملحوظ رکھتے ہوئے دہلی کے عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہئے۔ جیٹلی نے کہا ’’دہلی کے عوام نے انتخابات میں ایک نئی پارٹی کا تجربہ کیا، لیک یہ ایک نہایت مہنگا تجربہ ہے کیونکہ حکمرانی ان کے سیاسی ایجنڈہ میں نہیں ہے ۔‘‘ جیٹلی دہلی بی جے پی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ عاپ حکومت کے اطراف کئی تنازعات بالخصوص کجریوال اور نجیب جنگ کے درمیان کشا کش کا حوالہ دیتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ دہلی کے عوام حکمرانی چاہتے ہیں اور حکومت کرنیو الوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ چند ماہ میں جو کچھ ہوا ہے ایسا محسوس ہاتا ہے کہ آنے والے دن تکلیف دہ ہوسکتے ہیں ۔ عاپ حکومت کو ایک کثیر خط اعتماد حاصل کرنیکے بعد اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہئے ، عوام حکمرانی چاہتے ہیں تنازعات نہیں۔ جیتلی نے کہا کہ دہلی کو ایک عالمی شہر میں تبدیل کیاجاسکتا ہے کیونکہ یہاں تجارت اور سیاحت کے عظیم مواقع موجود ہیں۔ شکنتلا گیملن کے بحیثیت کار گزار چیف سکریٹری دہلی تقرر ، حکمراں عاپ اور جنگ کے درمیان زبردست ٹکراؤ کا سبب بن گیا ہے اور کجریوال الزام عائد کررہے ہیں کہ لفٹننٹ گورنر انتظام سنبھالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ عاپ حکومت نے کل اپنے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ لیفٹننٹ گورنر ان کے دفتر سے ملنے والی کسی بھی تحریری یا زبانی ہدایت کے بارے میں چیف منسٹر یا متعلقہ وزیر کو واقف کروائیں ۔ اس دوران عام آدمی پارٹی نے ارون جیٹلی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بی جے پی کی بوکھلاہٹ اور غیر جمہوری موقف بے نقاب ہوگیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اشوتوش نے ارون جیٹلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو امرتسر میں بری طرح شکست ہوگئی اسے دہلی کے بارے میں فکر نہیں کرنا چاہئے کیونکہ وہ اس شہر کو نہیں سمجھ سکتے ۔

دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی، یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ آج اپنی لڑائی صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے پاس لے گئے اور ایک دوسرے پر دستورکی خلاف ورزی اور اپنے متعلقہ دائرہ کار سے تجاوز اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کجریوال کی صدر جمہوریہ سے ملاقات سے کچھ دیر قبل جنگ نے بھی مکرجی سے ملاقات کی اور انہیں اہم بیوروکریٹس کے تقررات پر دہلی حکومت کے ساتھ جاری رسہ کشی سے واقف کروایا ۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہلی میں دستوری بحران جیسی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ لیفٹننٹ گورنر نے کاہ کہ انہیں بیوروکیرٹس کے تقررات اور تبادلہ کا اختیار حاصل ہے اور ان کا کوئی اقدام بھی غیر دستوری نہیں ہے جیسا کہ عاپ حکومت نے الزام عائد کیا ۔ کجریوال جنہیں صدر جمہوریہ نے ملاقات کے لئے کل کا وقت دیا تھا اپنے نائب منیش سسوڈیا کے ہمراہ مکرجی سے ملاقات کی جنہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل اس طرح سے کام کررہے ہیں جیسے قومی دارالحکومت میں صدر راج نافذ ہے اور وہاں کوئی منتخب حکومت نہیں ہے ۔ دریں اثناء دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے بھی ملاقات کی اور انہیں کارگزار سکریٹری کے تقرر پر عاپ حکومت کے ساتھ تنازعہ کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ جنگ نے وزیر داخلہ کو وہ حالات بتائے جو سینئر آئی اے ایس آفیسر شکنتلا گیملن کی بحیثیت چیف سکریٹری دہلی تقرری کا سبب بنے ۔ وزیر داخلہ توقع ہے کہ کل صدر جمہوریہ سے ملاقات کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی حکومت اور نجیب جنگ کے درمیان تنازعہ اس وقت مزید تیز ہوگیا جب دہلی حکومت نے پرنسپل سکریٹری(سروس) آنیندومجمدار کے اختیارات دہلی کے پرنسپل سکریٹری راجندر کمار کو منتقل کرنے کا حکم دیا۔ لیکن لیفٹننٹ گورنر نے اس حکم کو مسترد کردیا۔ جس کے بعد دہلی حکومت نے دہلی سکریٹریٹ پر واقع مجمدار کے دفترپر تالا لگا دیا ۔ جنہوں نے دہلی کی کارگزار چیف سکریٹری کے طور پر شکنتلا گیملن کی تقرری کا اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ واضح رہے کہ دہلی حکومت اور گورنر ہاؤز کے درمیان یہ تنازعہ پانچ روز قبل اس وقت شروع ہوا تھا جب دہلی چیف سکریٹری کے کے شرما کی غیر موجودگی میں15مئی کو لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے آئی اے ایس آفیسر شکنتلا گیملن کو دہلی کی کار گزار چیف سکریٹری کے طور پر تقر ر کرنے کا حکم دیاتھا۔ کے کے شرما14سے24مئی تک 10دنوں کی ذاتی چھٹی پر امریکہ گئے ہوئے ہیں ۔ جس پر عام آدمی پارٹی کی حکومت نے یہ کہتے ہوئے لیفٹننٹ گورنر کے فیصلہ پر تنقید کی تھی کہ انہوں نے دہلی منتخب حکومت ،چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کو نظر انداز کیا ہے ۔16مئی کو دہلی حکومت نے پرنسپل سکریٹری(سروس) آنیندو مجمدار کا تبادلہ کرنے کا حکم دیا تھا، جنہوں نے شکنتلا گیملن کو کار گزار چیف سکریٹری کے عہدہ پر تقرری کا اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ تاہم لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے مجمدار کو ان کے عہدہ سے منتقل کرنے کے حکم پر یہ کہتے ہوئے اعتراض کیا تھا کہ یہ فیصلہ ان کی رضا مندی کے بغیر کیا گیا ہے ۔

People want governance not controversies: Jaitley to AAP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں