کشمیر میں پاکستانی پناہ گزینوں کو شہریت دینے بی جے پی کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-20

کشمیر میں پاکستانی پناہ گزینوں کو شہریت دینے بی جے پی کا منصوبہ

جموں، سری نگر
یو این آئی
مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو جموں و کشمیر کی مستقل شہریت دینے کا واضح عندیہ دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا کہ اس کے لئے ریاستی آئین میں ترمیم کی جائے گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر اور ممبر پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے یہاں ایک تقریب میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کے حقوق کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے اور انہیں(مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں) کو عنقریب شہریت کے حقوق دئیے جائیں گے ۔شرما نے مزید بتایا کہ ریاستی قانون میں ترمیم کے لئے حکومت سے رجوع کیا گیا ہے تاکہ رفوجیوں کے بچوں کا اسکولوں، کالجوں اور دیگر اداروں میں داخلے کے وقت خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی پاکستان کے رفوجیوں کو جموں و کشمیر کی شہریت دینے کے معاملے پر ہماری بات چیت پی ڈی پی کے ساتھ جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ عقنریب کوئی حل نکل آئے گا۔ وادی کشمیر کے عوام کی اکثریت مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو ریاست کی شہریت دینے کی سخت مخالفت کررہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کو جموں و کشمیر کی شہریت اور اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے نتیجے میں جموں و کشمیر کا مسلم تشخص ختم ہوجائے گا ۔ ان کا الزام ہے کہ بی جے پی جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منشا رکھتی ہے۔ علیحدگی پسند جماعتوں کے علاوہ نیشنل کانفرنس بھی پناہ گزینوں کو جموں و کشمیر کی شہریت اور اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے خلاف ہے ۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور اگر پی ڈی پی اور بی جے پی حکومت کی جانب سے پناہ گزینوں کو شہریت دینے کا اعلان کیا جاتا ہے تو اس بات کی ضمانت نہیں کہ وادی کشمیر میں2008جیسے حالات پیدا نہ ہوں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں