دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیراعلیٰ کجریوال کے مابین کھلی جنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-17

دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیراعلیٰ کجریوال کے مابین کھلی جنگ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کار گزار چیف سکریٹری کے تقرر پر ٹکراؤ آج عام آدمی پارٹی حکومت اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کے مابین کھلی جنگ میں تبدیل ہوگیا ۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے ان سے کہا کہ وہ دستور کے دائرہ میں رہتے ہوئے کام کریں اور الزام عائد کیا کہ وہ انتظامیہ پر قبضہ جمانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے مخالفت کے باوجود سینئر عہدیدار شکنتلا گیملن کے کار گزار چیف سکریٹری کے عہدہ کا جائزہ لینے کے چند ہی گھنٹوں بعد کجریوال نے نجیب جنگ کو سخت الفاظ پر مشتمل مکتوب روانہ کیا اور ان پر الزام عائد کیا کہ وہ منتخبہ حکومت کو غیر موثر کرنے کی کوشش اور اصولوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ سرویسس ڈپارٹمنٹ کے پرنسپال سکریٹری ارویندم مجمدار کو بھی ان کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ۔ جنہوں نے نجیب جنگ کی ہدایت پر گیملن کے تقرر کا مکتوب جاری کیاتھا۔ دہلی کے چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ انہیں اس مسئلہ سے واقف کراسکیں ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے مطابق دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ اور چیف منسٹر اروند کج ریوال کے مابین تصادم میں آج اس وقت شدت پیدا ہوگئی جب عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے منع کرنے کے باوجود ایک سینئر عہدیدار شکنتلا گیملن نے کار گزار چیف سکریٹری کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ عام آدمی پارٹی حکومت نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ اس کے خلاف بغاوت کرانے کی کوشش کررہی ہے ۔ کجریوال نے گیملن کو ایک مکتوب روانہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ایسا نہ کریں کیونکہ ان کا تقررقواعد کے خلاف ہے لیکن چند ہی گھنٹوں بعد گیملن نے اپنے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ نجیب جنگ نے کل کجریوال انتظامیہ کی جانب سے گیملن کی نامزدگی کی شدید مخالفت کے باوجود انہیں دہلی کا چیف سکریٹری مقرر کیا تھا ۔ کجریوال حکومت کا کہنا ہے کہ وہ(گیملن) بی ایس ای ایس ڈسکامس سے قریبی تعلق رکھتی ہے تاہم1984بیاچ کی اس عہدیدار نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ چیف سکریٹری پی کے شرما، شخصی دورہ پر امریکہ روانہ ہوئے ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو کار گزار چیف سکریٹری کا تقرر کرنا پڑا ہے ۔ گیملن فی الحال معتمد برقی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ منیش سسوڈیا نے جور سرویسس ڈپارٹمنٹ کا قلمدان بھی رکھتے ہیں ، کہا کہ بی جے پی نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے زریعہ دہلی کی منتخبہ جمہوری حکومت کے خلاف بغاوت کی کوشش کی ہے ۔ یہ ایک ایسی حکومت ہے جو ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ اکثریت کے ساتھ منتخب ہوئی ہے ۔

Open war over Gamlin appointment: CM Kejriwal tells Delhi LG to work within confines of Constitution

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں