اگر رسول اللہﷺ کوئی قومی یا مقامی لیڈر، کوئی ملکی ووطنی رہنما، کسی خاص نسل کے نجات دہندہ اور کسی نئی شوکت وعظمت کے بانی ہوتے تو آپﷺ کو اس معراجِ آسمانی کی ضرورت نہ تھی، اس کے لیے آپﷺ کو نہ آسمان وزمین کی وسیع بادشاہت کے سیر ومشاہدہ کی حاجت تھی، نہ اس کی ضرورت کہ آپﷺ کے ذریعے آسمان وزمین کا یہ نیا تعلق قائم ہو۔ اگر اس وقت آپﷺ کی یہ سرزمین، یہ ماحول اور یہ سوسائٹی، آپ کے لیے کافی ہوتی، تو اس کو چھوڑ کر آپ کو کسی اور خطۂ زمین کی طرف توجہ کرنے کی بھی ضرورت نہ تھی، چہ جاے کہ بلند آسمانوں اور سدرۃ المنتہیٰ تک پہنچنے کی یا مسجدِ اقصیٰ تشریف لے جانے کی۔۔۔ جو کہ آپ کے شہر سے بہت دور اور عیسائی مذہب اور طاقتور ورومن شہنشاہی کے زیرِ اقتدار تھا۔
واقعۂ معراج یہ اعلان کرتا ہے کہ رسول اللہﷺ ان قومی وسیاسی رہنماؤں کی صف سے کوئی تعلق نہیں رکھتے، جن کی صلاحیتوں اور کوششوں کا دائرہ ان کے ملک یا ان کی قوم تک محدود رہتا ہے اور ان سے صرف انھیں نسلوں اور قوموں کو فائدہ پہنچتا ہے، جن سے ان کا تعلق ہوتا ہےاور اسی ماحول تک ان کا اثر باقی رہتا ہے، جس میں وہ پیدا ہوتے ہیں۔ آپﷺ جس گروہ اور جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، وہ خدا کے بھیجے ہوئے نبیوں اور رسولوں کی صف ہے، جو آسمان کا پیغام زمین والوں کو اور خالق کا پیغام مخلوق کو پہنچاتے ہیںاور ان سے پوری نوعِ انسانی ،زمانہ وتاریخ، رنگ ونسل اور ملک وقوم سے قطعِ نظر سرفراز وسربلند ہوتی ہے اور اس کی قسمت جاگتی ہے۔ (ماخوذ از نبی رحمت)
یہ تو واقعۂ معراج میں پوشیدہ بلند و لطیف معانی کا بیان ہوا،اب قرآن کی زبانی واقعۂ معراج سنیےارشاد ہے:
سُبْحٰنَ الَّذِیْٓ اَسْرٰی بِعَبْدِہٖ لَیْلاً مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَی الْمَسْجِدِ الْاَقْصَی الَّذِیْ بٰرَکْنَا حَوْلَہٗ لِنُرِیَہٗ مِنْ اٰیٰتِنَا، اِنَّہٗ ھُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ۔
(سورہ اسراء، آیت:1)
"پاک ہے وہ ذات،جو اپنے بندے کو راتوں رات مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک لے گئی،جس کے ماحول پر ہم نے برکتیں نازل کی ہیں،تاکہ ہم انھیں اپنی کچھ نشانیاں دکھائیں۔بے شک وہ ہر بات سننے والی ،ہر چیز جاننے والی ذات ہے۔"
پہلے ہی لفظ {سبحان} میں اس طرف اشارہ موجود ہے کہ یہ کوئی عام انسانی سفر نہیں بلکہ ایک عظیم الشان واقعہ ہے ، کیوں کہ لفظ 'سبحان ' تعجب اور کسی عظیم الشان امر کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ معلوم ہوا کہ آپﷺ کا یہ سفر روحانی نہیں بلکہ جسمانی تھا،اگر معراج صرف روحانی بطورِ خواب ہوتی تو اس میں کون سی عجیب بات ہے؟خواب تو ہر کوئی مسلمان بلکہ کوئی بھی انسان دیکھ سکتا ہے کہ میں آسمان پر گیا اور فلاں فلاں کام کیے۔
لفظ{ اسریٰ} اِسراء سے مشتق ہے،جس کے لغوی معنی رات کو لے جانے کے ہیں۔اس کے بعد لیلاًکے لفظ سے صراحۃً بھی اس مفہوم کو واضح کر دیا اور لفظِ لیلاً نکرہ لانے سے اس طرف بھی اشارہ کر دیا کہ اس تمام واقعہ میں پوری رات بھی صَرف نہیں ہوئی بلکہ رات کا ایک حصہ صَرف ہواہے۔
لفظِ {بعبدہٖ} میں بھی معراج کے جسمانی ہونے کی طرف اشارہ ہے،کیوں کہ' عبد' صرف روح نہیں بلکہ جسم وروح کے مجموعے کا نام ہے۔اس مقام و اکرام میں لفظ"بعبدہٖ"سے ایک خاص محبوبیت کی طرف اشارہ ہے،کیوں کہ حق تعالیٰ کسی کو خود فرما دیں کہ یہ میرا بندہ ہے،اس سے بڑھ کر کسی بشر کا کوئی اعزاز نہیںہو سکتا۔یہاں ایک نقطہ یہ بھی ہے کہ کسی کو آپﷺ کے خدا ہونے کا وہم نہ ہو جائے،جیسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے آسمان پر اٹھائے جانے سے عیسائیوں کو دھوکہ لگا ہے۔اس لیے لفظِ عبد کہہ کر یہ بتلا دیا کہ ان تمام صفات وکمالات اور معجزات کے باوجود آنحضرت ﷺ اللہ کے بندے ہی ہیں،خدا نہیں۔
شبِ معراج میں ایک سفر تو زمین پر ہوا مسجد ِحرام سے مسجد ِ اقصیٰ تک، اسے اسریٰ کہتے ہیں۔دوسرا سفر وہاں سے آسمانوں کی طرف ہوا ، اسے معراج کہتے ہیں۔مگر قرآن کریم کی اس آیت میں صرف زمینی سفر کا ذکر ہے ، آسمانی سفر کا ذکر نہیں؟اس کی وجہ یہ ہے کہ دن و رات صرف اس زمینی تضاد سے متعلق ہیں، آسمانوں میں اس طرح کے دن رات نہیں ہوتے ، جو آفتاب کے طلوع و غروب سے متعلق ہوں ۔ اس لیے اسریٰ اور لیل کے مقتضیٰ سے صرف زمینی سفر کے ذکر پر اکتفاء اور سورہ نجم میں آسمانی سفر کو بیان کیا گیا{عند سدرۃ المنتہی۔(14)}۔
{من المسجد الحرام}حرمت والی مسجد یعنی کعبہ سے ۔ مسجد ِ حرام اس مسجد کا نام ہے جو بیت اللہ کے گِرد بنی ہوئی ہے اور بعض اوقات پورے حرم کو بھی مسجد ِ حرام سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
{الی المسجد الاقصیٰ}ٰ یعنی بیت القدس تک۔مسجد اقصیٰ کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ "اقصیٰ" کے معنی عربی زبان میں "بہت دور"کے ہیں،چوں کہ وہ مسجد مکّہ سے بہت دور ہے،اس لیے اقصیٰ کہا گیا ۔
{الذی بارکنا حولہ} میں حول سے مراد پوری زمینِ شام ہے۔ایک حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عرش سے دریائے فرات تک مبارک زمین بنائی ہے اور اس میں فلسطین کی زمین کو تقدس عطا فرمایا ہے۔اس کی برکات دینی بھی ہیں اور دنیوی بھی۔دینی برکات تو یہ ہیں کہ وہ تمام انبیاء سابقین کا قبلہ اور تمام انبیاء کا مسکن و مدفن ہے اور دنیوی برکات اس کی زمین کا سر سبزہونا اور اس میں عمدہ چشمے،نہریں اور باغات وغیرہ کا ہونا ہے۔
{لنریہ من ایاتنا} تاکہ دکھلائیں اس کو اپنی قدرت کے کچھ نمونے۔جن میں بعض تو خود وہاں کے متعلق ہیں ،مثلاً:اتنی بڑی مسافت کو بہت تھوڑے سے وقت میں طے کر لینا اور تمام انبیاء سے ملاقات کرنا اور ان کی باتیں سننا وغیرہ اور بعض آگے کے متعلق ہیں،مثلاً:آسمانوں پر جانا اور وہاں کے عجائبات کا مشاہدہ کرنا۔
{انہ ہو السمیع البصیر} وہی ہے سننے والا،دیکھنے والا؛ یعنی اصلی سننے والا اور دیکھنے والا خدا ہے۔وہ جسے اپنی قدرت کے نشان دکھلانا چاہتا ہے دکھلا دیتا ہے۔اس نے اپنے حبیب محمد ﷺکی مناجات کو سنااور احوالِ رفیعہ کو دیکھا۔آخر " معراج شریف" میں بی یبصر والی آنکھ سے وہ عظیم ترین نشانیاں دکھلائیں،جو آپﷺ کی استعدادِ کامل اور شانِ رفیع کے مناسب تھیں۔
***
مولانا ندیم احمد انصاری
(ڈائریکٹر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا)
alfalahislamicfoundation[@]gmail.com
مولانا ندیم احمد انصاری
(ڈائریکٹر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا)
alfalahislamicfoundation[@]gmail.com
مولانا ندیم احمد انصاری |
Ascension of the Prophet s.a.w (Mairaaj) and its hidden subtle meanings. Article: Nadim Ahmed Ansari
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں