کشمیری پنڈت ٹاؤن شپ کو عملی جامہ پہنانے کا اعلان - نائب وزیراعلیٰ کشمیر نرمل سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-02

کشمیری پنڈت ٹاؤن شپ کو عملی جامہ پہنانے کا اعلان - نائب وزیراعلیٰ کشمیر نرمل سنگھ

جموں
پی ٹی آئی
بے گھر کشمیری پنڈتوں کے لئے ٹاؤن شپ کا تنازعہ ختم ہونے نہیں پارہا ہے جب کہ ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر نرمل سنگھ نے آج کہا کہ حکومت اس منصوبہ پر آگے بڑھے گی۔ سنگھ نے کہا کہ اگر جموں میں گجر کالونی اور دیگر کالونیاں ہوسکتی ہیں تو وادی کشمیر میں بے گھر طبقہ کے لئے ایک کالونی بنانے میں کیا مسئلہ ہے۔ ریاستی حکومت نے8اپریل کو ایک بیان میں ایسے کسی اقدام کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ علیحدہ بستیاں نہیں بسائی جائیں گی ۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ کشمیری پنڈت روایتی کشمیری اقدار کا اٹوٹ حصہ ہیں اور وہ کوئی علیحدہ طبقہ نہیں ہیں ۔ سنگھ نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے لئے کوئی کالونی کیوں نہیں بنائی جائے ، دیگر لوگ ان کالونیوں میں آکر رہ سکتے ہیں اس پر کوئی روک ٹوک نہیں ہے ۔
نئی دہلی سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے کشمیری پنڈتوں کو وادی میں دوبارہ بسانے کے مرکزی حکومت کے قدم پر پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان کی آج سخت مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کے بے تکے بیانات کو اہمیت نہیں دی جانی چاہئے۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سگھوی نے کہا کہ اس طرح کے بیانات پر توجہ نہیں دی جانی چاہئے ۔ اور انہیں نظر انداز کر کے مسترد کردیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس طرح کے بیانات کی مذمت کرتی ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کل ایک بیان میں کہا تھا کہ کشمیری پنڈتوں کو کشمیر کے متنازع علاقے میں بسانے کی کوشش اقوام متحدہ کے قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے ۔

J&K Deputy CM Nirmal Singh says government will go ahead with KP township plan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں