آر ٹی سی ملازمین کو فوری ڈیوٹی پر رجوع ہو جانے حیدرآباد ہائی کورٹ کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-10

آر ٹی سی ملازمین کو فوری ڈیوٹی پر رجوع ہو جانے حیدرآباد ہائی کورٹ کی ہدایت

حیدرآباد
آئی اے این ایس
حیدرآباد ہائیکورٹ نے ہفتہ کے دن آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپویشن( اے پی ایس آر ٹی سی) ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اپنی ہڑتال ختم کردیں ۔ ملازمین کی ہڑتال چوتھے دن بھی جاری رہنے اور سرکاری ٹرانسپورٹ مفلوج ہوجانے کے باعث دونوں ریاستوں کے مشترکہ ہائیکورٹ نے ملازمین سے کہا کہ وہ فوری کام پر رجو ع ہوجائیں ۔ ہائیکورٹ کی ویکیشن بنچ نے آندھرا پردیش کی بر سر اقتدار جماعت تلگو دیشم پارٹی کے دو قائدین کی داخل کردہ درخواست مفاد عامہ پر عبوری احکام جاری کیے ۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ہڑتال غیر قانونی ہے کیونکہ دونوں ریاستوں میں سرکاری شعبہ کے اداروں میں ہڑتالوں پر امتناع عائد ہے اور ہڑتال سے دونوں ریاستوں میں عوام بالخصوص طلباء کو جو مختلف امتحانات میں شرکت کررہے ہیں ، تکلیف ہورہی ہے ۔ بنچ نے دونوں ریاستوں کی حکومتوں سے بھی کہا کہ وہ اے پی ایس آر ٹی سی ورکرس کے مطالبات پر غور کرنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیں ۔ دونوں ریاستوں میں سرکاری ٹرانسپورٹ خدمات چوتھے دن بھی مفلوج رہی کیونکہ اے پی ایس آر ٹی سی کے ایک لاکھ بیس ہزار ملازمین نے ہڑتال جاری رکھی ہے ۔ وہ تنخواہوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ دونوں ریاستوں میں تقریباً بیس ہزار بسیں سڑکوں سے غائب ہیں ۔ اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ ، کنٹراکٹ ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کی مدد سے جزوی سرویس چلا رہا ہے ۔ ملازمین، اجرت میں دیگر سرکاری ملازمین کے مساوی43فیصد اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ مینجمنٹ نے کارپوریشن کی کمزورمالی حالت کا حوالہ دیتے ہوئے27فیصد اضافہ پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرابابو نائیڈو نے اعلی سطح کے اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کابینی سب کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ ٹریڈ یونینوں کے قائدین سے بات چیت کریں ۔ اسی دوران وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اے پی ایس آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ اظہار یگانگت کیا ہے ۔ انہوں نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس کے نام مکتوب میں ان سے خواہش کی ہے کہ وہ ملازمین سے بات چیت کریں اور ان کی شکایتیں دور کریں ۔ یو این آئی کے بموجب حیدرآباد ہائیکورٹ نے آج آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے آر ٹی سی ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ فوری ڈیوٹی پر رجوع ہوجائیں ۔ عدالت نے تلگو دیشم پارٹی قائد سی ایل وینکٹ راؤ کی درخواست پر یہ ہدایت دی جنہوں نے ہڑتال کو چیلنج کیا تھا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت کی تاریخ12مئی مقرر کی ہے ۔

Hyderabad High Court rules RTC stir illegal, directs staff to call off strike.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں