اتر پردیش میں مجلس کو حکومت اور پولیس کی مسلسل رکاوٹوں کا سامنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-20

اتر پردیش میں مجلس کو حکومت اور پولیس کی مسلسل رکاوٹوں کا سامنا

الہ آباد
یو این آئی
اتر پردیش میں جلسہ عام منعقد کرنے صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی کوششوں کو روکنے کے اقدامات ہنوز جاری ہیں جب کہ الہ آباد سٹی پولیس نے26اپریل کو شہر میں جلسہ عام منعقد کرنے کی پارٹی کو اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔ جلسہ عام منعقد کرنے سے ریاست میں5ویں مرتبہ اور الہ آباد میں دوسری مرتبہ ایم آئی ایم کو اجازت نہیں دی گئی ۔ انہیں11مارچ کو بھی ریالی منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی جس کے بعد پاٹی نے پولیس کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جس پر عدالت نے اندرون5یوم فیصلہ پر نظر ثانی کرنے کی الہ آباد حکام کو ہدایت دی تھی تاہم ضلع نظم و نسق نے کل ایک بار پھر مجلس کو جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے سٹی کنوینر افسر محمود نے بتایا کہ انہوں نے ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد17اپریل کو تازہ درخواست داخل کرتے ہوئے جلسہ عام کی اجازت طلب کی تھی ۔ پارٹی نے شہر کے کریلی علاقہ میں نور اللہ روڈ پر دولت حسین اسکول کے میدان میں 26اپریل کو شام چھ بجے سے رات دس بجے تک جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ پولیس نے یہ کہتے ہوئے اجازت دینے سے انکار کردیا کہ علاقہ میں ملی جلی آبادی رہتی ہے اور اگر جلسہ کے دوران مجلسی قائدین نے اشتعال انگیز تقریریں کیں تو اس سے فرقہ وارانہ خلل پیدا ہوسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے بڑے پیمانے پر ٹریفک جام ہونے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا اور کہا کہ جلسہ کے مقام پر پارکنگ کی سہولیات نہیں ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے افسر محمود کو بھیجے گئے حکم میں کہا کہ مقامی پولیس کی اطلاعات کی بنیاد پر عوامی مفاد میں اے آئی ایم آئی ایم کی جلسہ عام کی درخواست مسترد کی جارہی ہے ۔ قبل ازیں ضلع آگرہ نظم ونسق نے کوٹھی مینا بازار میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا ۔ تب حکام نے بورڈ امتحانات کو وجہ بتائی تھی تاہم آگرہ میں مجلس کی اجازت منسوخ کرنے سے قبل بجرنگ دل ، وی ایچ پی اور ہندو جاگرن منچ کے بشمول کئی ہندو انتہا پسند گروپوں نے ضلع نظم و نسق کو یادداشتیں حوالے کتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ کو جلسہ کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ صدر مجلس کی تقاریر سے شہر کا پر امن ماحول بگڑ سکتا ہے ۔ اعظم گڑھ ضلع نظم و نسق نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے پارلیمانی حلقہ میں ایم آئی ایم کو جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دینے سے کم از کم دو مرتبہ انکار کیا۔

restrictions for MIM in UP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں