آپریشن راحت کی بین الاقوامی سطح پر ستائش - صنعا سے ہندوستانی سفارتخانہ منتقل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-21

آپریشن راحت کی بین الاقوامی سطح پر ستائش - صنعا سے ہندوستانی سفارتخانہ منتقل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ یمن کی دھماکو صورتحال کے پیش نظر ہندوستان نے جنگ زدہ ملک سے اپنے شہریوں کی کامیابی کے ساتھ واپسی کے بعد یمنی دارالحکومت صنعا سے اپنا سفارت خانہ متصل ملک جبوتی کو منتقل کردیا ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے لوک سبھا میں از خود بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان یمن میں سیاسی و سیکوریٹی افراتفری کے بعد سے زیدی شیعہ گروپ حوثی اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کے درمیان کشمکش کے بعد یہاں کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی ہوئی ہے ۔ سشما سوراج نے آپریشن راحت کے تحت4741بی شہریوں اور48ممالک کے1947شہریوں کو محفوظ نکالے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے آج اس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور وزیر مملکت جنرل وی کے سنگھ کے کامیاب آپریشن کی تعریف کی ۔ انہوں ایک وزیر کے طور پر نہیں بلکہ فوج کے سابق جنرل کے جیسے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی نازک حالات میں انہوں نے جبوتی سے صنعا آناجانا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ30مارچ سے شروع ہونے والی اس مہم کو18دنوں میں یہ کامیابی عطا ہوئی ۔ وزیر خارجہ نے لوک سبھا میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ جنگ زدہ ملک یمن سے ہندوستانی شہریوں کے انخلا کے لئے شروع کردہ آپریشن راحت کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا گیا اور اس کارروائی کو ساری دنیا میں بہتر انداز میں سراہاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سخت مشکل حالات میں18اپریل تک نہ صرف4,741ہندوستانی شہریوں کا بحفاظت انخلاء کروایا بلکہ48ممالک کے1,947افراد کی بھی یمن سے باہر نکالنے میں مدد کی ۔ سشما سوراج نے لوک سبھا میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے انخلاء کا مرحلہ ‘واسو دیو کوٹو مباکوم’(ساری دنیا ایک ہے) کے نظریہ کے تحت کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی صورتحال پر سکون ہونے تک ہندوستان کا یمنی سفارت خانہ جبوتی سے کام کرتا رہے گا ۔ سشما سوراج نے کہا کہ انخلاء کے مرحلہ کی کامیابی کے لئے30مارچ سے انہوں نے کئی ایک اجلاسوں میں شرکت کی ۔ان اجلاسوں میں وزارت خارجہ کے علاوہ وزارت داخلہ ،وزارت دفاع ، وزارت شہری ہوا بازی شریک رہے۔ انخلاء کی اس کارروائی میں7بحری جہازوں اور سات طیاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ3جنگی بحری جہاز آئی این ایس سمترا (آئی این ایس ممبا اور آئی این ایس تراکش کے علاوہ دو پاسنجر بحری جہازوں کا واراتی اور کورال نے حصہ لیا۔ سشما سوراج نے بتایاکہ یمن سے واپس ہونے والوں میں ہندوستان کی27ریاستوں کی شہری شامل ہیں ۔ ہندوستان شہریوں کے علاوہ جن ممالک کے شہریوں کو بھی ہندوستانی جہازوں نے یمن سے انخلاء کیا یا انخلاء میں ان کی مدد کی ان ممالک میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش ،بحرین، کناڈا، کیوبا، جبوتی، مصر، ایل سلواڈور، ایتھوپیا، فرانس، یونان، جرمنی، ہنگری ، انڈونیشیا، ایران، عراق، آئر لینڈ ،اٹلی، اردن، کینیا ،کرغزستان، لبنان،مالدیپ، موراکو، میانمار، میکسیکو، مالڈووا، نیپال، نیوزی لینڈ، فلپائن، پاکستان، رومانیہ، روس، صومالیہ ، سویڈن، سری لنکا، سوڈان، اسپین، سوئٹزر لینڈ ،شام، تنزانیہ، برطانیہ ازبکستان، امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے شہری شامل ہیں ۔ سشما سوراج نے کہا کہ اس سلسلہ میں چند ممالک نے بشمول پڑوسی ممالک اور مغربی ممالک نے ہندوستان سے درخواست کی تھی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں