یمن میں القاعدہ کا جیل پر حملہ - سیکڑوں قیدی رہا کرائے گئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-03

یمن میں القاعدہ کا جیل پر حملہ - سیکڑوں قیدی رہا کرائے گئے

ریاض
سعودی پریس ایجنسی
حوثی باغیوں کے خلاف فیصلہ کن طوفان آپریشن میں شامل اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر اسٹاف احمد عسیری نے واضح کیا ہے کہ جمعرات کو8ویں رو ز بھی فیصلہ کن طوفان آپریشن تمام محاذوں پر جاری رہا ۔ حوثی باغیوں کی حربی صلاحیتوں کوتباہ کرنے کا عمل جاری رکھ اگیا ۔ عسیری نے بتایا کہ یمن میں قانون کی عملداری سے آزاد ماحول دہشت گرد تنظیموں کو اپنے اہداف پورے کرنے کا موقع فراہم کررہا ہے ۔ اسی ضمن میں یمن کے جنوب مشرقی صوبے حضرت موت میں القاعدہ والوں نے ایک جیل پر حملہ کرکے سیکڑوں قیدیوں کو چھڑوا لیا ۔ ان میں ان کا لیڈر خالد باطریفی بھی شامل ہیں۔ یہ حوثیوں اور القاعدہ والوں کے درمیان تعاون اور مفادات کے اشتراک کا پتہ دیتا ہے ۔ انہوں نے جمعرات کو ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران عسکری کارروائی دو محاذوں پر زیادہ شدت و قوت کے ساتھ کی گئی ایک شمالی یمن میں اس مقام پر جہاں ایک بری سرحدی چوکی پر یمن کوہستانی مقام سے فائرنگ کر کے ایک سعودی فورجی محافظ اس حملے میں زخمی ہوگئے تھے ۔ اس کاروائی کے فوراً بعد ہی بری فوج کے ماتحت جنگی طیاروں اور توپ خانے نے جوابی کارروائی کرکے حملے والے مقام کوتباہ کردیا تھا پھر جنگی طیاروں نے پورے علاقے کی فضائی تفتیش کرکے اسے حملہ آوروں سے پاک ہونے کااطمینان کیا تھا۔ عسیری نے بتایا کہ اتحادی افواج عدن کے اطراف اور بیضاء یا الضالع یا شبوہ سے عدن کا رخ کرنے والے تمام قافلوں کو ہدف بنائے ہوئے ہیں۔ عدن کے اطراف صورتحال تسلی بخش ہے۔ عسیری نے واضح کیا کہ قانونی حکومت کے خلاف بغاوت کے بعد حوثی یمنی فوج کے تمام وسائل پر قابض ہوگئے تھے ۔ انہوں نے اس دوران یمن میں ایوان صدر پر بھی حملہ کیا تھا اسی وقت سے حوثی باغی شہر کے اندر موجود ہیں ۔ یہ وقتاً فوقتاً شہر کے متعدد ٹھکانوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ عوامی کمیٹیوں کے ساتھ ان کی جھڑپیں ہوچکی ہیں ۔ ان سے نجات حاصل کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ یہ اب تک شہر کے اندر موجود سرکاری دفاتر کی طرف پیش قدمی میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ اتحادی افواج نے بری سرحدی چوکی پر حملے کی ممکنہ وارداتوں سے بچنے کے لئے پوری سرحدی پٹی پر زمینی فوج کے ذڑیعے بھی کارروائی کرائی۔ جمعرات کو صعدہ کے علاقے میں ان تمام کیمپوں پر دوبارہ حملے کئے گئے جنہیں پہلے نشانہ بنایاجاچکا تھا ۔ الشقراء کے علاقے عدن جانے والے حوثیوں کے قافلوں کو بمباری کر کے روک دیا گیا ۔ عسیری نے بتایا کہ فی الوقت حوثی باغی جوابی حملوں کی تیاریاں کررہے ہیں وہ ایسے تمام ٹھکانے جو ان کے قبضے سے نکل چکے ہیں ان کی بازیابی کی تدبیریں کررہے ہیں ۔ اتحادی افواج نے الحدیدہ کے علاقے میں سام میزائل تین کے ایک ٹھکانے پر حملہ کر کے اسے غیر موثر کردیا ۔ اسی طرح حوثیوں کے زیر استعمال سرکاری فوج کے ایک ٹھکانے پر نصب ریڈار کو بھی فضائی حملہ کر کے تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اتحادی افواج کا بحریہ بندرگاہوں اور یمنی جزائر کی ناکہ بندی کے لئے مسلسل سرگرم عمل ہے ۔ تاکہ انہیں یمن آنے جانے اور ان کے ذریعے کسی بھی قسم کی امداد کے لئے استعمال نہ کیاجاسکے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ عدن سمیت حوثی یمن کے اکثر شہروں پر قبضہ کئے ہوئے تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عدن میں پہلے سے موجود مٹھی بھر حوثیوں نے ایک یادو محلوں پر کنٹرول قائم کرلیا ہے ۔ یمنی فوج کے حامی گروپ اور عوامی کمیٹیاں انہیں آگے بڑھنے اور سرکاری دفاتر تک پہنچنے سے روکنے کی کارروائی کررہی ہیں ۔ حوثی اس طرح کی حرکتیں کرکے ابلاغی ہنگامہ برپا کرنا چاہتے ہیں۔ عسیری نے کہا کہ زمینی کاروائی کا امکان اپنی جگہ قائم ہے لیکن اتحادی افواج کوئی بھی اکرروائی رد عمل کے طور پر نہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ اسکیموں کے مطابق کرتی ہیں اور اسی پالیسی پر گامزن رہیں گی۔ عسیری نے آبادی پر حملوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یمنی حکومت اس قسم کے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے احتساب کے لئے بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرنے والی ہے۔ بین الاقوامی قانون کے بموجب یمنی حکومت اور اتحادی افواج زمینی حقائق سب کے سامنے لانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ معزول صدر علی صالح کی وفادارفوج ، اس کے افسران اور جوانوں کی بابت اطمینان حاصل کرنے کی باقاعدہ حکمت عملی اپنائی جارہی ہے ۔ قانونی یمنی حکومت فوج کے کمانڈروں سے رابطے میں ہے۔ اس حوالے سے کسی کو کسی غلط فہمی میں مبتلا نہیں رہنا چاہئے کہ قانونی حکومت سے ملنے والی یمنی فوج کوئی چال چل سکے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یمن میں قانون کی عملداری کے فقدان اور باقی عناصر کی موجودگی کی وجہ سے دہشت گرد جماعتیں پیدا ہورہی ہٰں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یمنی فوج اتحادی محاذ کا ایک حصہ ہے ۔ ہم سب مل کر یمنی عوام باغی عناصر کے تسلط سے آزاد کرا رہے ہیں۔

Yemen: Al-Qaeda frees 300 in al-Mukalla prison attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں