دہلی کسان خودکشی معاملہ - لوک سبھا میں ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-24

دہلی کسان خودکشی معاملہ - لوک سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی
آئی اے این ایس
عام آدمی پارٹی کی ریالی کے دوران ایک کسان کی خود کشی کا واقعہ لوک سبھا اجلاس میں چھایا رہا اور حکمراں و اپوزیشن جماعتوں نے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے عدم حساسیت پر افسوس ظاہر کیا ۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ یہ واقعہ سر عام پیش آیا اور انسانوں کا ایک بڑا ہجوم بھی اسے روکنے میں ناکام رہا ۔ کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن جماعتوں نے کسانوں کا قرض معاف کئے جانے کے ساتھ ساتھ حالیہ موسمی قہر و آفت سے متاثر کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس قائد دیپندرہوڈا نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ گجیندر سنگھ کو خود کشی سے کوئی کیوں نہ روک سکا ۔ پولیس عملہ کہاں تھا ، اور کیا کررہا تھا ۔ مقام واقعہ (جنتر منتر) پر موجو د قائدین نے اپنا خطاب کیسے جاری رکھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سوالات کے علاوہ بھی کئی بے حسی کے واقعات ہیں جن کا گہرائی سے جائزہ لینا ضروری ہے ۔ ہم س سے پہلے انسان ہیں ، حالات ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ جب گجیندر سنگھ خود کشی کی کوشش کررہا تھا اور گلے میں پھانسی کا پھندا ڈال رہا تھا ، وہاں موجود بعض افراد تالیاں کیوں بجا رہے تھے ۔ ہمیں خود اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت ہے کہ ہم سب انسان ہیں ۔ ہوڈا نے مزید کہا کہ ایک دوسرا مسئلہ ، کسانوں کے حال زار کا ہے ۔ حکومت پر معاوضہ اور بونس کے اعلان کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر وزیر اعظم سے بیان دینے کی خواہش بھی ظاہر کی ۔ ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ سوگتو رائے نے کہا کہ میں گجیندر سنگھ کی خود کشی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں ۔ اس خود کشی سے دو باتیں اجاگر ہوتی ہیں کہ ہمارا معاشرہ کس قدر بے حس ہے اور دوسرا نکتہ یہ ہے کہ ہمارے کسان کس حد تک مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں ۔ ان کے آلام و مصائب پر ہم نے کبھی توجہ مرکوز نہیں کی ۔ وزیر داخلہ پر اس حقیقت کی عدالتی تحقیقاتکرانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کسی نے گجیندر سنگھ کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی جب کہ یہ ڈرامہ سر عام ہوا۔ سوگتوار ائے نے مزید کہا کہ یہ واقعہ بھی انتہائی افسوسناک ہے کہ عام آدمی پارٹی کی ریالی کے دوران تقریریں جاری رہیں جب کہ ایک آدمی خود کشی کررہا تھا اور پوری دنیا یہ تماشہ دیکھ رہی تھی ۔ اس سے انتہائی بے حسی کا رویہ ظاہر ہوتا ہے ۔ اس سے ہمارے نظام میں کوتاہیوں اور بے حسی کی پردہ پوشی ہوتی ہے کہ آفات سماوی کے وقت حکومت ایک تحقیقاتی ٹیم روانہ کردیتی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرکے ذمہ داریوں سے بری ہوجاتی ہیں۔ بیشتر کسانوں کی یہی شکایت ہے کہ وہ ہنوز معاوضہ سے محروم ہیں ۔ میں اس سلسلہ میں زمرہ وار بیان کا مطالبہ کرتاہوں کہ ان کسانوں کو پورا معاوضہ کب تک ادا کردیاجائے گا ۔ ٹی ایم سی قائئد نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم ٹوئٹر پر احساسات و خیالات ظاہر کرنے کے بجائے ایوان میں بہ نفس نفیس حاضر ہوکر ملک کے حالات پر بیان دیں ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے قائدین نے راجستھانی کسان گجیندر سنگھ کو خود کشی کرنے پر اکسایا اور اس کے بچائو کی تمام کوششوں میں رکاوٹیں کھڑی کردیں ۔ نیز انہوں نے دہلی حکومت کی جانب سے مجسٹریل تحقیقات کا حکم کو بھی یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ یہ معاملہ مجسٹریٹ کے دائرہ اختیار سے باہر ہے ۔ عاپ کی جانب سے اس الزام پر کہ کل منعقدہ جنتر منتر ریالی کے دوران خود کشی کرنے والے41سالہ کسان کو پولیس نے بچانے کی کوشش نہیں کی ، دہلی پولیس نے اپنی ایف آئی آرمیں کہا کہ اس کوشش میں نہ تو عاپ کارکنان نے مددکی اور نہ ہی اس کے قائدین نے ۔ یہ واقعہ مکمل طور پر اس طرح رونما ہوا کہ عام کارکنوں اور اس کے قائدین نے اس شخص کو خود کشی کی تحریک دی اور انہوں نے پولیس کی جانب سے کی گئی تمام درخواستوں کو بالکل ہی نظر انداز کردیا ۔ ہندوستانی فوجداری کوڈ کی دفعات’’خود کشی میں معاونت کرنے کی دفعہ306,عوامی خدمات میں عوامی خادمین کی خدمات میں رکاوٹ پید اکرنے کی دفعہ186اور34کے تحت ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ اس میں عاپ پر اس بات کا الزام عائد کیا گیا ہے کہ کسان کو زمین پر اتارنے میں نہ تو عاپ کارکنان نے مدد کی اور نہ ہی اس کے قائدین نے۔ ہم نے اس شخص کو دیکھا کہ وہ ایک توال سے درخت کی شاخ پر خود کو لٹکانے کی کوشش کررہا ہے ، ہم نے آتش فرو عملہ دے درخواست کی کہ وہ لمبی سیڑھی سے مقام پر پہنچیں ۔ دریں اثناء عاپ کارکنان کی جانب سے اس اقدام خودکشی پر تالیاں بجائی جارہی تھیں کہ وہ خو دکو لٹکالے۔ نیز کہا گیا کہ جب پولیس اس شخس کو اپنی جیپ میں لے جارہی تھی تو عاپ کارکنوں نے یہ کہتے ہوئے ان کا راستہ روک دیا کہ وہ عاپ کا رکن ہے اور اس کو ان کی سواری میں لے جایاجائے گا ۔ تاہم ان دھکیلتے ہوئے ہم ہسپتال پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا ۔ یادرہے کہ اس سے قبل دہلی پولیس نے عام آدمی پارتی کی ریالی کے دوران ایک کسان کی خود کشی سے متعلق مفصل رپورٹ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو روانہ کردی ہے جب کہ کرائم برانچ کی ایک ٹیم ، راجستھان میں گجیندر سنگھ کے گائوں پہنچ چکی ہے ۔ کرائم برانچ ٹیم اس کیس کی تحقیقات پر مامور ہے ۔

Uproar in Parliament over farmer's suicide, Lok Sabha adjourned

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں