مسلم نوجوانوں کے انکاؤنٹر کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ - کل ہند مسلم مجلس مشاورت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-10

مسلم نوجوانوں کے انکاؤنٹر کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ - کل ہند مسلم مجلس مشاورت

علیگڑھ
پی ٹی آئی
ملک میں مختلف مسلم تنظیموں کے اعلی ادارہ کل ہند مسلم مجلس مشاورت نے آج مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ تلنگانہ میں حال ہی میں سیمی کے پانچ مبینہ سر گرم کارکنوں کی ہلاکت کی اعلیٰ سطح پر مقررہ مدت میں تحقیقات کے لئے ایک اعلیٰ سطحی عدالتی پیانل تشکیل دیاجائے ۔ صدر مجلس مشاورت ظفر الاسلام خان نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام آزادانہ بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ س وقت ان افراد کو ہلاک کیا گیا ، ان افراد کے ہاتھ ہتھکڑیوں سے بندھے ہوئے تھے۔ این ڈی اے حکومت کے سینئر عہدیدار یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ہندوستان کے مسلمان بین الاقوامی دہشت گردی کے عزائم سے مبرا ہیں، جبکہ واقعہ یہ ہے کہ سیکوریٹی فورسس ان مسلم نوجوانوں کو انتہا پسندی اور دہشت گرد طاقتوں کے ہاتھوں میں ڈھکیل رہے ہیں ۔ اگر مسلم نوجوانوں کو ایسے فورسس کے دہانے پر ڈھکیلاجائے تو یہ صورتحال تمام متعلقہ افراد کے لئے المیہ ہوگی ۔ خان نے کہا کہ تلنگانہ میں ہوئی ہلاکتیں، جھوٹے انکاؤنٹرس کی یاد دلاتے ہیں جن سے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں ۔ ماضی میں ایسے واقعات ہاشم پورہ اور بٹلہ ہاؤز میں پیش آچکے ہیں ۔ خان نے کہا کہ ایسے حالات سنگین نتائج کے حامل ہیں ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب قومی انسانی حقوق کمیشن نے آج پانچ زیر دریافت قیدیوں کی ہلاکت کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے تلگانہ حکومت کو ایک نوٹس جاری کی ہے ۔ انسانی حقوق کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ طاقت کے غیر متوازن استعمال کا معاملہ ہے جس کے نتیجہ میں 5زیر دریافت قیدیوں کی جانیں چلی گئیں جو عدالتی تحویل میں تھے اور یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی معلوم ہوتی ہے ۔ کمیشن نے تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور چیف سکریٹری کو نوٹسیں جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر رپورٹ طلب کی ہے ۔ کمیشن23اپریل کو حیدرآباد میں اپنا ایک کیمپ معنقد کرتے ہوئے اس معاملہ کے سلسلے میں آگے کی کارروائی کرے گا ۔ کمیشن نے میڈیا کی ان اطلاعات کو نوٹ لیا کہ تلنگانہ پولیس نے5زیر دریافت قیدیوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے جو مبینہ طور پر سیمی اور دوسری تنظیموں سے وابستہ تھے جنہیں7اپریل کو ایک مقدمہ کے سلسلے میں حیدرآباد لے جایاجارہا تھا ۔ ان اطلاعات کا نوٹ لیتے ہوئے کمیشن نے نوٹسیں جاری کیں ۔

India's top Muslim group demands judicial probe into Telangana killings

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں