منموہن سنگھ کے نام خصوصی عدالت کا سمن معطل - سپریم کورٹ کا اقدام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-02

منموہن سنگھ کے نام خصوصی عدالت کا سمن معطل - سپریم کورٹ کا اقدام

سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو آج اس وقت ایک راحت ملی جب ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے ان کے نام خصوصی عدالت سے جاری کردہ سمن پر روک لگا دی ۔ سمن تالا بیرا۔IIکوئلہ بلاک میں15فیصد حصص کمار منگلم برلا کی زیر ملکیت ہنڈالکو(کمپنی) کو الاٹ کرنے کے سلسلہ میں جاری کیا گیا تھا ۔ جسٹس وی گوپالا گوڑا اورجسٹس سی ناگپن پر مشتمل بنچ نے کوئیلہ اسکام مقدمات کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے سمن کومعطل کردیا ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی طرف سے سینئر وکیل کپل سبل نے سپریم کورٹ میں پیروی کی اور اپنی بحث کے دوران خصوصی عدالت کے حکم مورخہ(11 مارچ 2015) کے اجرائ پر سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ خلاف قانون کام کہاں ہوا ہے؟ کیا کوئلہ کی کانوں کو الاٹ کرنا غیر قانونی ہے ؟ کیا کانوں کوالاٹ کرنے کے لئے خانگی فریقین کو چننا غیر قانونی ہے ؟ اس طرح کپل سبل نے کئی سوالات کئے اور مزید پوچھا کہ کیا وزیر اعظم اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر نظر ثانی نہیں کرسکتے اور تالا بیرا۔IIکے ایک حصہ کو( ہنڈالکو)کمپنی کو الاٹ کرتے ہوئے مسابقی مفاد عامہ میں توازن پیدا نہیں کرسکتے ۔ سبل نے کہا کہ کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ کے رہنمایانہ اصول، اپنی نوعیت کے اعتبار سے قانونی(حیثیت کے حامل )نہیں ہیں اور وزیر اعظم کسی بھی وقت ان رہنمایانہ اصولوں سے آگے بڑھتے ہوئے فیصلے کرسکتے ہیں ۔ سپریم کورٹ نے صنعت کار کمار منگلم برلا کی ایک درخواست رٹ پر مرکزی حکومت کو بھی نوٹس جاری کی۔ برلا نے قانون انسداد رشوت ستانی کی ایک دفعہ کے دستوری جواز کو چیلنج کیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے برلا،پی سی پارکھ(سابق وزارت کوئلہ) ڈی بھٹا چاریہ اور ہنڈالکو کے خلاف جاری کردہ سمن پر بھی روک لگا دی۔ منموہن سنگھ نے خصوصی عدالت کے حکم مورکہ11 مارچ2015 کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔ اس سمن کے ذریعہ انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اس خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہوں ۔ خصوصی عدالت کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ اسکام کیس کی سماعت کررہی ہے ۔ منموہن سنگھ ،برلا، پارکھ اور بھٹا چاریہ پرسازش مجرمانہ اعتماد شکنی کے الزامات اور قانون انسداد رشوت ستانی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔ خصوصی عدالت نے سی بی آئی کی کلوژر رپورٹ کومسترد کرنے کے بعد منموہن سنگھ برلا ، اور پارکھ کے خلاف سمن جاری کئے تھے۔ اسی دوران کانگریس نے سپریم کورٹ کے اقدام کی ستائش کی ہے۔ خصوصی عدالت نے کوئلہ اسکام کیس میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ذریعہ سمن بحیثیت ملزم پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ کانگریسی رہنما منیش تیواری نے سمن کی معطلی کو مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ سی بی آئی کی جانب سے کلوژر رپورٹ داخل کئے جانے کے بعد بھی عدالت سی بی آئی کی جانب سے سمن کا اجرا عدالتی اختیار سے تجاوز کا کیس ہے ۔ سپریم کورٹ نے بجا طور پر اس سمن پر روک لگا دی ہے۔ کانگریس نے ہمیشہ ہی کہا ہے کہ الاٹمنٹ میں کوئی غلطی نہیں ہوئی۔ مسلمہ طریقہ کار کے مطابق یہ الاٹمنٹ کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم کے خلاف کوئی فوجداری الزام نہیں ہے ۔ سی بی آئی نے منموہن سنگھ کے خلاف مجرمانہ اعتماد شکنی ، سازش مجرمانہ اور رشوت ستانی الزامات کی تحقیقات کی کوشش کی تھی۔ تحقیقات کے بعد کوئی بے قاعدگی نہیں پائی گئی۔

Supreme Court stays trial court order summoning Manmohan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں