1/اپریل سرینگر یو این آئی
جموں و کشمیر میں سیلاب کی صورتحال مزید بہتر ہوئی ہے اور دریائے جہلم اور اس کی ذیلی ندیاں جن میں گزشتہ دو دن سے طغیانی آئی ہوئی تھی ، آج خطرہ کے نشان سے تین تا دس فٹ نیچے بہہ رہی تھی۔ سری نگر میں کل رات ہلکی بارش ہوئی۔ گرمائی دارالحکومت میں آج صبح سے وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے وادی میں4 ا پریل تک بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کی وجہ سے لوگ اندیشوں میں گھرے ہوئے ہیں ۔ سطح آب میں بہتری کے باوجود محکمہ موسمیات نے سیلاب کے خطرہ سے دستبرداری اختیار نہیں کی ہے۔ محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول(آئی ایف سی) کے ایک عہدیدار نے آج صبح بتایا کہ جہلم اور اس کی ذیلی ندیوں میں سطح آب میں کمی کزید ہوئی ہے۔ گزشتہ چند دن کے دوران بھاری بارش کے سبب یہ دریائیں خطرہ کے نشان سے کئی فٹ اوپر بہہ رہی تھیں ۔ بہر حال انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر جہاں پشتے ٹوٹنے اندیشہ ہوتا ہے قریبی نظر کھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں سری نگر ۔ جموں و کشمیر قومی شاہراہ پر سنگم میں سطح آب آج صبح 9 بجے11۔70فٹ تھی ۔ جو خطرہ کے نشان سے تقریبا دس فٹ کم ہے ۔ پی ٹی ٓئی کے بموجب چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید ریاست میں موسمی صورتحال میں بہتری کے لئے آج وادی میں خصوصی دعائیہ اجتماع میں عوام کے ساتھ شریک ہوگئے ۔ مفتی سعید نے سری نگر کے مضافاتی علاقوں زیارت گاہ حضرت بل میں حاضری دی اور ریاست میں موسی حالات میں بہتری کے لئے خصوصی دعا کی۔ گزشتہ ماہ ریاست کے چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد یہ مفتی سعید کا اس زیارت گاہ کا پہلا دورہ ہے ۔ وزیر صحت چودھری لال سنگھ۔ وزیر تعلیم نعیم اخٹر مقامی رکن اسمبلی وزیر صحت آسیہ نقش، وقف بورڈ کے نائب صدر نشین پیر محمد حسین بھی چیف منسٹر کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے بھی دعائیں مانگیں ۔ مفتی سعید نے ریاست میں امن و امان خوشحالی اور عوام کی سلامتی کی بھی دعا مانگی۔ عوام سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے انہیں تیقن دیا کہ حکومت درگاہ اور اس کے اطراف و اکناف سہولیات کو بہتر بنانے اقدامات کرے گی ۔ اسی دوران موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات آئندہ دو سال میں سری نگر میں سی۔ بیانڈ کا500 کلو میٹر رینج کے حامل ڈوپلر راڈار کی تنصیب عمل میں لائے گا تاکہ جموں و کشمیر میں موسم کی درست پیش قیاسی کی جاسکے ۔ اس کے علادہ شدید بارش بادل پھٹنے ، برفباری اور زمینی تودوں کے کھسکنے کے واقعات کے بارے میں پیشگی پیش قیاسی ممکن ہوسکے گی ۔ سی ۔ بیانڈ راڈار سالانہ یاترا کے دوران جنوبی کشمیر میں بلندی پر واقع مقدس غار امر ناتھ میں موسم کے بارے میں بھی پیش قیاسی میں مدد دے گا ۔ یہ معلومات ریاستی گورنر این این ووہرہ نے فراہم کی ہیں جو امر ناتھ جی شرائن بورڈ کے صدر نشین بھی ہیں ۔Kashmir now very vulnerable to flooding
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں