پی ٹی آئی
این ڈی اے کی حلیف جماعت پی ایم کے نے آج اندھرا پردیش میں سرخ صندل کے اسمگلروں کے خلاف پولیس کاروائی کے دوران20افراد کو ہلاک کیے جانے پر جن میں سے بیشتر کا تعلق ٹاملناڈوسے تھا، وزیر اعظم کی خاموشی پر تنقیدکی اور سپریم کورٹ جج یا سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ پارٹی نے کہا کہ مرکز کی مداخلت سے ہی انصاف کو یقینی بنایاجاسکتا ہے ۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو اوپنیر سلوم۔ آندھرا پردیش کے اپنے ہم منصب این چندرا بابو نائیڈو کو مکتوب روانہ کرنے والے ہیں، لیکن ایسامعلوم ہوتا ہے کہ وزیر اعظم کو اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ ایسا واقعہ پیش آیا ہے ۔ پی ایم کے پارٹی کے بانی ایس رام داس نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش پولیس کے ہاتھوں ایسے سفاکانہ قتل پر ٹاملناڈو میں برہمی پھیلی ہوئی ہے، لیکن وزیر اعظم نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ نریندر مودی کیوں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے بعد عموماً وزیر اعظم متعلقہ چیف منسٹروں سے بات چیت کرتے ہیں اور مہلوکین کے خاندان سے اظہار ہمدردی بھی کرتے ہیں ، جب کہ سی بی آئی تحقیقات کا بھی حکم دیاجاتا ہے لیکن یہ امر افسوسناک ہے کہ نریندر مودی جنہوں نے آئی ایس کے دہشت گردوں کے ہاتھوں برطانوی اور جاپانی افراد کے قتل کی مذمت کی تھی ،20ٹامل مہلوکین کے خاندانوں کو دلاسہ نہیں دے سکے ۔ رام داس نے کہا کہ اگر ایسا کوئی واقعہ شمالی ہند کی کسی ریاست میں پیش آتا تو بڑا ہنگامہ برپا ہوتا۔ انہوں نے2008میں پیش آئے واقعہ کی یاددہانی کرائی جب ایم این ایس نے اتر پردیش اور بہار کے ورکرس کو نشانہ بنایا تھا اور بی جے پی نے مہاراشٹر میں کانگریس حکومت کی برخواستگی کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس معاملہ میں مداخلت کی تھی ، لیکن اس مرتبہ20افراد کے قتل پر کوئی ہنگامہ نہیں دیکھاجارہا ہے ، محض اس لئے کہ وہ ٹامل ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ صرف مرکزی حکومت مداخلت کرتے ہوئے دونوں ریاستوں سے متعلق مسئلہ پر انصاف فراہم کرسکتی ہے ، اسیلئے نریندرمودی کو20افراد کی ہلاکت کی سخت مذمت کرنی چاہئے اور سپریم کورٹ کے برسر خدمت جج یاسی بی آئی کے زریعہ تحقیقات کا حکم دینا اور25لاکھ روپے معاوضہ فراہم کرنا چاہئے ۔
NDA ally, PMK slams PM's 'silence' in Andhra killings
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں