ابتدائی سطح کے کارکنوں سے ربط میں رہنے وزیر اعظم کا اپنے وزرا کو مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-01

ابتدائی سطح کے کارکنوں سے ربط میں رہنے وزیر اعظم کا اپنے وزرا کو مشورہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج آزادانہ قلمدان کے حامل مرکزی مملکتی وزراء سے بات چیت کی اور ان سے ان کے کام سے متعلق استفسار کیا اور حکومت کی پالیسیوں پر رد عمل جاننا چاہا ۔ ذرائع کے مطابق 90منٹ تک جاری اس ملاقات میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ بھی موجود تھے ۔مودی نے تمام13وزیروں سے فرداً فرداً بات چیت کی اور استفسار کیا کہ آیا انہیں اپنی فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کے مشکلات کا سامنا تو نہیں ہے ۔مودی ان وزراء سے حکومت کی پالیسیوں سے متعلق عوامی رد عمل جاننے کے خواہاں تھے۔ وزیر اعظم نے ان وزراء سے کہا کہ وہ ابتدائی سطح کے کارکنوں اور عوام سے ربط میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں حکومت کی پالیسیوں سے متعلق شکوک و شبہات پھیلنے سے روکنا ضروری ہے ۔ چند اہم وزارتوں جیسے کوئلہ، پٹرولیم ، ماحولیات اور کامرس وانڈسٹریز کے وزراء مکمل کابینی وزیر کے درجہ کے بجائے آزادنہ قلمدان کے حامل ہیں ۔ یہ اجلاس کا انعقاد اس تناظر میں بھی کیا گیا تھا کہ تحویل اراضی بل کے مسئلہ پر حکومت اپوزیشن کے حملوں کا شکار ہے اور بی جے پی کے اہم حلیف جماعتیں کسانوں پر تحویل اراضی بل کے اثرات سے پریشان ہیں ۔ حکومت چاہتی ہے کہ انہیں ایک پیام روانہ کرے کہ این دی اے حکومت مخالف کسان اور موافق کارپوریٹ نہیں ہے ۔ جیسا کہ اپوزیشن کاد عویٰ ہے حکومت کسانوں کے مفادات کے خلاف کسی بھی معاملہ سے سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ بجٹ سشن کے سلسلہ میں مودی نے مکمل کابینہ کو بات چیت کے لئے طلب کیا ہے اور مرکزی بجٹ پر ان سے صلاح و مشورہ کیا۔ اس اجلاس میں پارٹی صدر امیت شاہ نے کہا کہ پالیسیاں بناتے وقت یہ خیال رکھاجائے کہ ان سے عوام کو فائدہ ہو ۔ اس میٹنگ کے بعد وزراء مملکت بھی خوش نظر آئے۔ ان کا خیال تھا کہ اس طرح کی میٹنگوں سے انہیں کام کرنے میں مدد ملے گی ۔ اجلاس میں حصہ لینے والے ایک وزیر نے ایک ٹی وی چیانل سے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے واضح کیا کہ وہ ان سے اور براہ راست عوام سے بات چیت کریں۔ ان وزراء کا خیال ہے کہ اس طرح کی میٹنگیں آگے بھی ہوتی رہیں گی تو ان کی کام کرنے کے لئے حوصلہ افزائی ہوگی ۔ وزراء مملکت کے ساتھ مودی کی یہ میٹنگ آر ایس ایس اور حکومت کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان گزشتہ دلی میں ہوئی مشترکہ ملاقات کے بعد ہوئی ہے۔ مانا جارہا ہے کہ اس میٹنگ میں سنگھ نے واضح کیا تھا کہ حکومت اور عوام کے درمیان بات چیت میں کمی ہورہی ہے اور حکومت تک عوام کی خواہشات نہیں پہنچ پارہی ہیں ۔ خاص طور سے تحویل اراضی بل کو لے کر سنگھ نے عوام کے خدشات اور حکومت کی کسان مخالف بنتی شبیہ کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

PM Modi Meets Ministers, Asks Them to Seek Feedback From Public

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں