31/مارچ سری نگر پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں محکمہ موسمیات کی جانب سے تازہ بارش کی پیش قیاسی سے سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں جب کہ ایک دن قبل ہی سیلاب کی صورتحال بہتر ہونے سے عوام نے راحت کی سانس لی تھی ۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران تازہ بارش نہیں ہوئی جس کے نتیجہ میں آج وادی میں سیلاب کا خطرہ کچھ حد تک کم ہوا ۔ دریائے جہلم کی سطح آب بھی کم ہوئی جو24گھنٹے قبل22.80فٹ پر بہہ رہی تھی اور اب جنوبی کشمیر کے سنگم مقام پر16.45فٹ تک گھٹ گئی ہے ۔ رام منشی باغ پر بھی سطح آب میں دیڑھ فٹ سے زائد کمی آئی اور اگر بارش نہ ہوتو رات میں مزید کمی کی امید ہے ۔ تاہم محکمہ موسمیات نے کل ہلکی سے اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے، جس سے عوام نئے اندیشوں کا شکار ہوگئے ۔ وادی میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر تمام اسکول اور کالجس بند ہیں اور امتحانات ملتوی کردئیے گئے ہیں۔تاہم یونیورسٹی آف کشمیر سیلاب کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر کل شیڈول کے مطابق امتحانات رکھے گی ۔ یونیورسٹی کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اسی دوران راحت کاری سر گرمیاں جاری ہیں اور مرکز نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سیلاب کی صورتحال گزشتہ سال کی طرح سنگین نہیں ہے ۔ اسی دوران وادی لادن میں منہدمہ چار مکانات کے ملبہ سے چھ لاشیں نکالی گئی تھیں ۔ ایک اور شخص کی جو زمینی تودے میں دبا ہوا ہے موت کا اندیشہ ہے تاہم اس کی توثیق نہیں ہوئی ۔ اودھم پور میں ایک شخص سیلاب کے باعث فوت ہوگیا ۔ ہفتہ اور اتوار کو طوفانی بارش سے جہلم اور اس کی ذیلی ندیوں میں سطح آب میں تیزی سے اضافہ ہوگیا جس سے وادی کے عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی ، جن کے ذہنوں میں گزشتہ سال ستمبر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی یادیں تازہ ہیں ۔Jammu & Kashmir bracing for fresh spell of rains
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں