تحدیدات کی برخاستگی پر ہی ایران قطعی نیوکلیئر معاہدہ کرے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-10

تحدیدات کی برخاستگی پر ہی ایران قطعی نیوکلیئر معاہدہ کرے گا

انقرہ
رائٹر
صدر حسن روحانی نے آج ٹیلی ویژن پر ایک تقریر میں کہا کہ ایران 6عالمی طاقتوں کے ساتھ حتمی نیو کلیر معاہدہ سے اسی وقت اتفاق کرے گا جب اس کے متنازعہ نیو کلیر پروگرام کے لئے ملک پر نافذ کردہ تمام تحدیدات ہٹالی جائیں ۔ جمعرات کو ایران کے نیو کلیر ٹکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ٹی وی پر اپنے خطاب میں صدر روحانی نے معاہدہ کے لئے ان کے بقول عالمی طاقتوں کی طرف سے ایران کے خلاف طاقت کی زبان استعمال کرنے کو بھی مسترد کردیا ۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین گزشتہ ہفتہ نیو کلیر معاہدے کے لئے بنیادی خدو خال پر اتفاق ہوا تھا جن کی بنیاد پر ایک حتمی معاہدہ30جون تک طے کرلیا جائے گا۔ نیو کلیر معاہدہ کے نتیجے میں ایران پر کون سی تعزیرات کب ختم کی جائیں گی ، یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر تا حال فریقین میں اختلاف پایاجاتا ہے ۔ ایران کا مطالبہ ہے کہ یہ پابندیاں فوری اور مستقل طور پر ختم کردی جائیں جب کہ امریکہ ان کے مرحلہ وار خاتمے کو ترجیح دے رہا ہے ۔ ایک اور اختلاف امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ایک تازہ بیان سے عیاں ہوتا ہے ۔ چہار شنبہ کو دیر گئے امریکی چیانل بی بی ایس کے پروگرام نیوز آدر میں جان کیری کا کہنا تھا کہ حتمی معاہدے تک پہنچنے سے پہلے ایران ماضی میں اپنی مبینہ عسکری نوعیت کی نو کلیر سرگرمیوں کو بھی افشاء کرے۔ امریکی حکومت اور اس کے اتحادیوں کا ماننا ہے کہ ایران کا نیو کلیر پروگرام ہتھیاروں کی تیاری کے لئے ہے جب کہ تہران ایسے شکوک و شبہات کو مسترد کرتے ہوئے اصرار کرتا آیا ہے کہ اس کا نیو کلیر پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے۔ ایران تا حال اقوام متحدہ کے نیو کلیر نگر ان ادارے کی اس تحقیقات کا جواب دینے سے انکاری ہے جس میں یہ کہا گیا تھا کہ تہران کے نیو کلیر پروگرام کے بعض حصے صرف عسکری نوعیت پر مبنی ہیں۔

Iran: No signing final nuclear deal unless economic sanctions are lifted

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں