جرمن فضائی اتھاریٹی مسائل کا شکار - یوروپی کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-07

جرمن فضائی اتھاریٹی مسائل کا شکار - یوروپی کمیشن

بروسیلز
رائٹر
ای اے ایس اے نے جرمن ایوی ایشن اتھاریٹی کی کارکردگی میں مسائل کی نشاندہی کی ہے ۔ ای اے ایس اے کے مطابق جرمنی میں مسافر بردار طیاروں کے عملہ کی صحت کی نگرانی کے معاملات پر موثر انداز میں نظر نہیں رکھی جارہی ۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے لکھا ہے کہ یوروپی کمیشن نے گزشتہ برس نومبر میں ہی جرمن ایوی ایشن حکام سے کہا تھا کہ وہ پہلے سے جمع مسائل کا تدارک کرے ۔ طیارہ کے عملے کی صحت سے متعلق مسائل 24مارچ کو جرمن ونگز کے طیارہ کی تباہی کے بعد ایک مرتبہ پھر منظر عام پر آئے ہیں ۔ لفتھا نزا کی ضمنی ایر لائن جرمن ونگز کے اس طیارہ کو معاون پائلٹ آندریا س لوبٹس نے دانستہ طور پر گرایا تھا ۔ طیارہ کے فرانسیسی ایلپس کے پہاڑی علاقہ میں گر کر تباہ ہوجانے کے نتیجہ میں150افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت جرمن اور ہسپانوی شہریوں کی تھی ۔ وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں2ایسے اشخاص کا حوالہ دیا ہے جو کہ اس معاملہ کے بارے میں معلومات رکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جرمن ایوی ایشن اتھاریٹی کے پاس عملہ کی کمی ہے جس کے باعث اس کے جہازوں اور عملہ کی جانچ پڑتال کے کام بشمول عملہ کے طبی معائنہ جیسے کاموں میں رکاوٹ پڑتی ہے ۔ یوروپی کمیشن کے ترجمان کے بیان کے مطابق ای اے ایس اے کی گزارشات کو سامنے رکھتے ہوئے کمیشن نے جرمن حکام سے بات کی ہے ۔ اس ضمن میں جرمنی کے جو جوابات موصول ہوئے ہیں ان کا معائنہ کیا جارہا ہے ۔ کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ یہ ایک نارمل کارروائی ہے جس کے تحت تمام یوروپی ممالک کی ایوی ایشن اتھارٹیز کو تجاویز پیش کی جاتی ہیں۔ امریکی جریدے کے مطابق یہ بات واضح نہیں ہے کہ جرمن ونگز کے طیارے کی تباہی اور یوروپی یونین کی جانب سے بتائی گئی خامیوں کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں ۔واضح رہے کہ جرمن ایوی ایشن اتھارٹی پر سوالات جرمن ونگ کے مسافر بردار طیارہ کی تباہی کے بعد اٹھنا شروع ہوئے ۔ گزشتہ ماہ ایئر بسA320کے کریش ہوجانے کے بعد ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس جہاز کے28سالہ معاون پائلٹ نے مرکزی پائلٹ کے کاک پٹ سے باہر نکلنے کے بعد مبینہ طور پر کاک پٹ کو بند کرکے طیارہ کو دانستہ طور پر پہاڑکوں سے ٹکرا دیا تھا ۔ یہ جہاز ہسپانوی شہر بارسلونا سے جرمن شہر ڈیسلڈ درف کی جانب پرواز کررہاتھا ۔ جرمن اخبار بِلڈ نے اس واقعے کے بعد انکشاف کیا تھا کہ لوبِٹس شدید ڈپریشن کا شکارتھا۔ مغربی جرمن قصبہ مونٹا باور سے تعلق رکھنے والے جرمن ونگز کے اس معاون پائلٹ کے بارے میں جرمن اخبار کے اس انکشاف سے کئی سوال کھڑے ہوگئے ہیں کہ اگر وہ شدید ڈپریشن کا مریض تھا تو اسے پائلٹ بننے کا اہل کیسے قرار دیا گیا۔

European Union Found 'Issues' with German Aviation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں