قمرالزماں کو پھانسی کے بعد بنگلہ دیش میں سخت چوکسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-04-13

قمرالزماں کو پھانسی کے بعد بنگلہ دیش میں سخت چوکسی

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی قائد قمرالزماں کی پھانسی کے رد عمل کے اندیشوں کے تحت ملک بھر میں سخت چوکسی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ قمرالزماں کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کل رات پھانسی دی گئی جس کے بعد ہزاروں افراد حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے قدم کی ستائش کے اظہار کے لئے سڑکوں پر اتر آئے ۔ اس کے ساتھ ہی مذہبی انتہا پسندوں نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ۔ جماعت اسلامی کے اسسٹنٹ سکریٹری جنرل63سالہ قمرالزماں کے جسد خاکی کو ان کے آبائی وطن شیر پور میں سپرد لحد کیا گیا ۔ ان کو1971میں پاکستان کے خلاف جنگ آزادی کے دوران جنگی جرائم میں ملوث ہونے اور قتل عام کے علاوہ پاکستانی افواج کے ساتھ تعاون کا خاطی قرار دیا گیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے تدفین کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قمرالزماں کے جسد خاکی کو ان کے آبائی موضع کو مری مودی پاڑہ میں آج صبح5:10بجے سپرد لحد کیا گیا ۔ اور علاقہ اور گردوانواح کے باشندے نماز جنازہ میں شریک ہوئے ۔ قمرالزماں1971میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے کی پاداش میں تختہ دار پر چڑھائے جانے والے جماعت اسلامی کے دوسرے بڑے قائد ہیں ۔ قبل ازیں میر پور کے قصائی کی عرفیت سے مشہور عبدالقادر ملا کو12دسمبر2013کو پھانسی دی گئی تھی۔ قمرالزماں کی نعش ایک ایمبولنس کے ذریعہ منتقل کی گئی جس کی نگرانی پر نیم فوجی بارڈرگارڈ بنگلہ دیش( بی جی بی) فورس، انسداد جرائم ریاپڈ ایکشن بٹالین(آر اے بی)اور پولیس کی9گاڑیاں مامور تھیں ۔ جماعت اسلامی بنگلہ دیش نے کل ایک عام دعائیہ اجتماع کا بھی اعلان کیا۔ ملک کے طول و عرض میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا احتجاجی مظاہروں پر کنٹرول کے لئے بھی جی بی ارکان تعینات تھے ۔ اب تک مختلف علاقوں سے معمولی تشدد کے واقعات کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ سبحان باغ میں دوپہر کے وقت ایک احتجاجی ریالی کے دوران کارکنوں نے دو بسوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ دو خام ب دھماکے بھی کئے ۔ دریں اثناء اہم شہروں اور بڑے ٹاؤنس میں فتح مارچ کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے دوران جنگی جرائم میں ملوث دیگر افراد کے خلاف مقدمہ کی جلد از جلد تکمیل کا مطالبہ کیاگیا ۔ پھانسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے بعض علاقوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ کل جیل کو جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی تھی ، اور دارالحکومت میں سیکوریٹی فورسس طلایہ گردی میں مصروف رہیں ۔2013میں بنگلہ دیش میں پر تشدد احتجاجی اور جوابی احتجاجی مظاہروں کے دوران قمرالزماں کو پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی جس پر عمل آوری کل رات ہوئی۔ امریکہ نے کل قمرالزماں کی سزائے موت پر عمل آوری نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے یہ نظریہ ظاہر کیا تھا کہ انٹر نیشنل کرائمس ٹریبونل کی جانب سے مقدمہ کی سماعت منصفانہ و شفاف ہونے کے علاوہ بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہونا چاہئے ۔ بنگلہ دیش سپریم کورٹ نے آئی سی ٹی کے فیصلہ کو برقرار رکھتے ہوئے ان جرائم کو نازیوں سے بد تر قرار دیا تھا۔

Bangladesh on Alert After Execution of Islamist Opposition Leader

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں