سہراب الدین فرضی انکاؤنٹر - پولیس عہدیدار گیتا جوہری الزامات سے بری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-03

سہراب الدین فرضی انکاؤنٹر - پولیس عہدیدار گیتا جوہری الزامات سے بری

ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے آج سہراب الدین شیخ اور تلسی رام پرجاپتی فرضی انکاؤنٹرکیس کے سلسلہ میں گجرات کی اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس گیتا جوہری کے خلاف الزامات خارج کردئیے ۔ خصوصی سی بی آئی جج ایم بی گوساوی نے کہا کہ گیتا جوہری کے خلاف استغاثہ کے الزامات خارج کئے جاتے ہیں کیونکہ حکومت مہاراشٹر کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری نہیں دی گئی جو اس کے لئے لازمی تھی ۔ عدالت نے اب تک بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ ، راجستھان کے وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریہ، راجستھان کے تاجر ومل پیٹنی اور گجرات پولیس کے سابق عہدیدار پی سی پانڈے کو اس کیس سے بری قرار دیا ہے ۔ سی بی آئی کے مطابق پرجاپتی کیس میں تحقیقات میں تاخیر پر جوہری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ ان پر اس کیس کے کچھ ریکارڈس تلف کرنے کا بھی الزام تھا۔ ان کے وکیل سچن پوار نے کہا کہ ہم نے ڈسچارج کی درخواست داخل کی تھی اور کہا تھاکہ حکومت مہاراشٹر اسے لازمی منطوری حاصل نہیں کی گئی ہے، اسی لئے ان کے خلاف مقدمہ نہیں چلایاجاسکتا ۔ گجرات پولیس کے دعویٰ کے مطابق ملزم سرغنہ سہراب الدین شیخ جس کے پاکستانی دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے روابط تھے ، اسے اوراس کی بیوی کو ثر بی کو ریاست کے انسداد دہشت گرد ی اسکواڈ نے اس وقت گرفتار کرلیا تھا جب وہ حیدرآباد سے مہاراشٹرا کے ضلع سانگلی جارہے تھے۔ سہراب الدین کونومبر2005میں گاندھی نگر کے قریب فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا جس کے بعد اس کی بیوی غائب ہوگئی اور باور کیاجاتا ہے کہ اسے بھی موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہوگا ۔ سہراب الدین کے ایک مددگار اور اس انکاؤنٹر کے چشم دید گواہ تلسی رام کو بھی پولیس نے دسمبر2006ء میں گجرات کے ضلع بانس کنٹھا کے موضع چھپری میں ہلاک کردیا تھا ۔ سہراب الدین کی ہلاکت کا کیس ستمبر2012ء میں ممبئی منتقل کیا گیا تھا ۔ سی بی آئی نے اس وقت منصفانہ مقدمہ کی گزارش کی تھی ۔ 2013میں سپریم کورٹ نے تلسی رام پرجاپتی فرضی انکاؤنٹر کو سہراب الدین کیس کے ساتھ ضم کردیا تھا۔

Sohrabuddin fake encounter case: Charges against Geeta Johri dropped

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں