بی جے پی کے خلاف سیاسی پارٹیوں کا عظیم اتحاد بنے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-29

بی جے پی کے خلاف سیاسی پارٹیوں کا عظیم اتحاد بنے گا

سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی کے خلاف تمام جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششیں مثبت سمت میں چل رہی ہیں اور وقت آنے پر سب سامنے آجائے گا۔ ملائم سنگھ یادو نے آج یہاں کہا کہ دہلی میں تمام جماعتوں کو (بی جے پی کے خلاف)متحد کرنے کی کوشش چل رہی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ دنوں مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کے درمیان ہوئی بات چیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سب کوشش کررہے ہیں۔ تین میٹنگیں ہوچکی ہیں ، گفتگو جاری ہے ۔ ملائم سنگھ یادو نے بی جے پی مخالف جماتوں کو متحد کرنے کی کوششوں کی کامیابی کا انحصار تو جتایا پر بات یہ کہہ کر ختم کردی کہ وقت آنے پر سب کے سامنے آجائے گا۔ ایس پی سربراہ یادو آج یہاں ڈاکٹر منوہر لوہیا کے قریبی رہے سماج وادی لیڈر اور حیدرآباد کے صنعت کار بدری وشال پتی کی87ویں جینتی پر منعقد ایک خراج عقیدت کے جلسے کو خطاب کررہے تھے ۔ واضح رہے کہ حیدرآباد کے ایک بڑے مارواڑی صنعت کار گھرانے میں پیدا ہوئے بدری وشال پتی1955میں جوائنٹ پرجا سوشلسٹ پارٹی کے بانیوں اور ڈاکٹر لوہیا کے قریبی لوگوں میں تھے۔وہ1977میں آندھرا پردیش سے ممبر اسمبلی بنے اور ان کی ادب اور آرٹ میں بھی گہری دلچسپی تھی ۔ ایس پی سربراہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی صفائی گنگا مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گنگا کی صفائی تب تک ممکن نہیں ہوسکے گی جب تک اس میں ملنے والی ندیوں کی بھی صفائی نہیں کی جاتی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اپنی حکومت کی فلاحی اسکیموں کا ذکر کیا ۔ تقریب کو آنجہانی وشال پتی کے بیٹے شردپتی نے بھی خطاب کیا اور ان کی وراثت کو پوری ایماندری سے آگے بڑھانے کا عزم اظہار کیا۔
دریں اثنا پٹنہ سے ا یس این بی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے محکمہ محنت اور سی سی آئی کی جانب سے منعقدہ اسکل کنکلیو کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنتا خاندان کے انضمام کی گاڑی پٹری پر ہے اور یہ گاڑی چل پڑی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی دورہ کے دوران26مارچ کی رات سماج وادی پارٹی کے سپریمو ملائم سنگھ یادو سے ملاقات ہوئی ۔27مارچ کو آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو اور جے ڈی یو کے قومی صدر شرد یادو اور سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو کے ساتھ بیٹھ کر کافی دیر بات چیت ہوئی ۔ انضمام پر تبادلہ خیال ہو ا۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو کو انضمام کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے اختیار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایچ دی دیو گوڑا اور اوم پرکاش چوٹالہ سے بھی بات چیت کی جانی ہے۔ بہت جلد اگلی میٹنگ کی تاریخ طے ہوگی ، جس میں سب کچھ آخری طور پر سامنے آئے گا ۔ میری سمجھ میں عظیم اتحاد میں زیادہ وقت نہیں لگے گا ۔ اس میں کوئی شک کے بادل نہیں ہیں ۔
میڈیا کی جانب سے پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کی ترقی کے سلسلے میں وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ۔ بہار کی ترقی کے لئے ہماری جو بھی ضرورتیں ہیں اس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بات چیت کافی اچھی رہی ہے ۔ ہم نے وزیر اعظم کے سامنے چودھویں مالی کمیشن کی سفارشات کی وجہ سے ریاست کو ہونے والے نقصان کے امکانات سے واقف کراتے ہوئے ان سے نقصان کی بھرپائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم سے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ یہ درجہ حاصل ہونے سے سرمایہ کاری میں ٹیکس کی چھوٹ ملے گی ، جس سے سرمایہ لگانے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

alliance of political parties against BJP soon, Mulayam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں