میری برطرفی صحیح یا غلط یہ تو وقت ہی بتائے گا - مکل رائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-02

میری برطرفی صحیح یا غلط یہ تو وقت ہی بتائے گا - مکل رائے

ترنمول سپریمو ممتا بنرجی کے ذریعہ یکے بعد دیگرے پارٹی کے مختلف عہدوں سے ہٹائے جانے کے بعد مکل رائے نے کہا کہ پارٹی کے ذریعہ میرے خلاف کیے گئے فیصلے صحیح ہیں یا غلط یہ آنے والا وقت بتائے گا ۔ پارٹی کے کل ہند جنرل سکریٹری کے عہدے پر برسوں سے فائز رہنے والے ترنمول کانگریس کے بانی لیڈروں میں سے ایک مکل رائے کو پارٹی سے بالکل الگ تھلگ کردیا گیا ہے ۔ ایک دن پہلے پارلیمینٹری پارٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ترنمول کانگریس کے کل ہند جنرل سکریٹری کا عہدہ بھی چھین لیا ۔ پارٹی کی طرف سے پے در پے حملوں کو برداشت کرتے ہوئے مکل رائے نے کہا کہ پارٹی کی ذمہ داری ممتا بنرجی نبھا رہی ہیں اور ان کا فیصلہ ہی آخر ہوگا مگر جہاں تک میری بر طرفی کا سوال ہے تو پارٹی چیف کا یہ فیصلہ صحیح ہے یا غلط یہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا ۔ کالی گھاٹ میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے مکل رائے کو جنرل سکریٹری کے عہدے سے بر طرف کرنے کا جہاں پارٹی سپریمو نے اعلان کیا وہیں سبرتو بخشی کو اس کی ذمہ داری سونپنے کی بات بھی کہی ۔ سنیچر کو پارٹی کی مدر باڈی کی تشکیل نو بھی کی گئی جس میں21ممبروں کو شامل کیا گیا مگر اس 21رکنی کمیٹی میں پارٹی کی روح رواں مانے جانے والے مکل رائے کو کہیں بھی جگہ نہیں ملی۔ یاد رہے کہ گزشتہ چندمہینوں سے پارٹی کی تمام اہم میٹنگوں سے مکل رائے غیر حاضر رہے ہیں ۔
دریں اثناء کولکاتا سے ایس این بی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ترنمول کانگریس کی چیف منسٹر ممتابنرجی نے کو سنیچر کو پارٹی کی اہم میٹنگ میں جنرل سکریٹری کے عہدہ سے مکل رائے کو ہٹانے کا فیصلہ سناتے ہوئے پارٹی لیڈروں کو یہ سخت وارننگ دی کہ اب مکل رائے کا راگ الاپنے کے بجائے پارٹی کی مضبوطی کے لئے اور پارٹی کے حق میں اچھا کام کرنے کی کوشش میں مصروف ہوجائے ۔ کیونکہ آئندہ چناؤ مکل رائے کے بغیر لڑی جائے گی ۔ پارٹی کے خلاف کام کرنے والوں کو پارٹی سے برطرف کرنے میں ذرا بھی دیر نہ ہوگی ۔ اس لئے ابھی سے متحد ہوکر پارٹی کے حق میں کام کرنا شروع کردو ۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی ہدایت دی کہ نئی کمیٹی کی فہرست ریاستی الیکشن کمیشن کو فوراً بھیجا جائے تاکہ وہ لوگ نئی کمیٹی کے ممبران سے رابطہ کریں کیونکہ میونسپلٹی الیکشن بالکل قریب ہے اور اس کی تیاریاں ابھی پوری طور پر باقی ہے ۔ یاد رہے کہ سنیچر کو ممتا بنرجی نے کالی گھاٹ میں میٹنگ کے دوران جہاں مکل رائے کو قومی جنرل سکریٹری کے عہدے سے ہٹا کر سبرتو بخشی کو اس کی جگہ بٹھایا وہیں21رکن مادر باڈی کمیٹی کی تشکیل بھی کی۔ کمیٹی میں شامل ممبروں کے ناموں کی فہرست اور دیگر عہدوں کا چارج سنبھالنے والے لوگوں کی فہرست جلد از جلد الیکشن کمیشن کو سونپنے کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہدایت جاری کی ۔

Time will tell: Mukul Roy on being sacked as TMC's general secretary

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں