تلنگانہ کے لئے 2760 عازمین حج کا کوٹہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-17

تلنگانہ کے لئے 2760 عازمین حج کا کوٹہ

ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لئے مرکزی حج کمیٹی نے آج عازمین حج کے کوٹہ کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے لئے2760نشستوں کا اور آندھرا پردیش کے لئے2245عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ایک پریس نوٹ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حج2015کے لئے ریاست تلنگانہ سے جملہ16963درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ اصل کوٹہ2621کا ہے جب کہ بعض ریاستوں سے کوٹہ کے مطابق درخواستیں نہ آنے پر وہاں کی فاضل نشستیں دیگر تمام ریاستوں کے درمیان وہاں کی مسلم آبادی کے تناسب سے تقسیم کردی گئی ہیں جس کے مطابق تلنگانہ کو139نشستیں زائد حاصل ہوئیں ۔ اس طرح تلنگانہ کو جملہ2760کا کوٹہ ملا ہے ۔ اس کوٹہ میں70سال یا زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں643اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے امیدواروں کے محفوظ زمرہ میں894درخواست گزاروں کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح محفوظ زمروں میں جملہ1537درخواست گزار منتخب ہوگئے ۔ اس تعداد کو منہا کرنے کے بعد1223امیدوار باقی رہ جاتے ہیں جن کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب ہوگا ، جس کے15426درخواست گزار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ قرعہ اندازی چہار شنبہ 18مارچ کو11:00بجے دن احادہ حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگی ۔ تلنگانہ کی قرعہ اندازی کا محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر افتتاح کریں گے۔ تقریب میں متعلقہ رکن پارلیمان و رکن اسمبلی و کونسل کے علاوہ سید عمر جلیل آئی اے ایس اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، محمد جلال الدین اکبر اور دیگر معززین بحیثیت مہمانان اعزازی شرکت کریں گے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی تقریب کی صدارت کریں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آندھرا پردیش سے جملہ3840درخواستیں وصول ہوئیں ۔ اصل کوٹہ2132ہے اور فاضل113نشستیں حاصل ہوئیں اس طرح اس ریاست کو جملہ 2245کا کوٹہ ملا ہے۔ جن میں70سال اور زائد عمر کے161عازمین اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے61عازمین شامل ہیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر راست انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ آندھر اپردیش میں محفوظ زمروں کے222عازمین کی تعداد مہنا کرنے کے بعد2023نشستوں کے لئے3618درخواست گزاروں کے درمیان قسمت آزمائی ہوگی ۔ آندھرا پردیش کی قرعہ اندازی کا پلے رگھو ناتھ وزیر اقلیتی بہبود3:00بجے سہ پہر افتتاح کریں گے ۔ شیخ محمد اقبال آئی پی ایس اسپیشل سکریٹری و کمشنر محکمہ اقلیتی بہبود اور دیگر معززین شرکت کریں گے ۔ اس تقریب کی صدارت بھی اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ یہ قرعہ اندازی کمپیوٹرائزڈ اور ضلع واری بنیاد پر ہوگی۔ جلسہ گاہ میں قرعہ کی نتائج کے ڈسپلے کے لئے بھی موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ عازمین سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے ۔

Telangana Quota For Haj 2015 Declared As 2760

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں