میرے خلاف تمام ثبوت و شواہد جھوٹے - سڑ ک حادثہ کیس میں سلمان خان کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-28

میرے خلاف تمام ثبوت و شواہد جھوٹے - سڑ ک حادثہ کیس میں سلمان خان کا بیان

salman-khan
ممبئی
پی ٹی آئی
بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان نے ایک سڑک حادثہ کیس( ٹکر مار و اور بھاگو کیس) میں ان کے خلاف دی گئی شہادتوں کو’’جھوٹی‘‘ قرار دیا اور عدالت کو بتایا کہ2002میں جس وقت حادثۃ ہوا تھا وہ کار نہیں چلا رہے تھے ۔ (اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے ۔) سلمان خان نے بتایا کہ ان کا ڈرائیور اشوک سنگھ، کار چلا رہا تھا اور اس ڈرائیور نے بھی استغاثہ کے اس الزام کی تردید کردی ہے کہ حادثہ سے کچھ قبل وہ نشہ میں تھا ۔ سلمان خان نے بتایا کہ’’جس وقت حادثہ ہوا ، میرا ڈرائیور اشوک سنگھ، کار چلا رہا تھا۔‘‘ سلمان خان نے جج ڈی ڈبلیو دیشپانڈے کے ایک سوال پر یہ بات بتائی ۔ عدات نے تحت دفعہ313ضابطہ فوجداری سلمان خان کو بیان دینے کے لئے طلب کیا تھا ۔ جج نے سلمان خان سے418سوالات کئے ۔ یہاں یہ بات بھی بتادی جائے کہ28ستمبر2002ء کی اولین ساعتوں میں مضافاتی علاقہ باندرہ میں سلمان خان کی کار ایک بیکری(شاپ) میں گھس گئی تھی اور فٹ پاتھ پر سونے والا ایک شخص ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ استغاثہ کے بموجب کار سلمان خان چلا رہے تھے ۔ اور حادثہ کے وقت وہ نشے میں تھے ۔ سلمان خان نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ جب عدالت نے سلمان خان سے پوچھا کہ انہیں اپنے خلاف کیس کے بارے میں کیا کہنا ہے تو اس اداکار نے جواب دیا ’’میں خود پر جرح کرنا نہیں چاہتا ،البتہ گواہان صفائی پر جرح کرنا پسند کروں گا۔‘‘ خان نے مزید کہا کہ ان کے خلاف عدالت میں پیش کردہ سارے ثبوت و شواہد’’جھوٹے‘‘ ہیں۔ سلمان خان نے کسی بار میں شراب پینے کی بھی تردید کردی۔ اس بار کو وہ (سلمان )اپنے دوستوں اور بھائی سہیل خان کے ساتھ گئے تھے ۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد حادثہ ہوا تھا ۔ ایک سوال کے جواب میں سلمان نے کہا کہ بار میں ،میں ایک گلاس پانی پی رہا تھا ۔ سوپر اسٹار نے یہ بھی کہا کہ بالا شنکر ، جس نے ان کے(سلمان) کے نمونہ خون کا ٹسٹ کیا ہے، کوئی ماہر نہیں ہے ۔ سلمان خان گواہ(بالا شنکر) کے شہادتی بیان کا جواب دے رہے تھے کہ ان کے (خان کے) نمونہ خون میں 62ایم جی الکحل پایا گیا تھا جو قابل اجازت حد سے زیادہ تھا ۔ سلمان خان نے جج کو مزید بتایا کہ ان کے نمونہ خون کا ٹسٹ کرتے وقت کیمیائی تجزیہ کے ماہر نے مبینہ طور پر مقررہ قواعد پر عمل نہیں کیا ۔ سلمان خان کو مقام حادثہ کے تین فوٹو گرافس دکھائے گئے اور انہوں نے ان تصاویر کو پہچان لیا۔ یہ تصاویر قبل ازیں استغاثہ نے پیش کئے تھے ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاعات کے بموجب بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے سڑک حادثہ( ٹرک مار کر بھاگنے) کے ایک مقدمہ میں آج عدالت سشن میں شہادتی بیان دیا۔ سلمان اس کیس میں ایک ملزم ہیں۔ عدالت نے میڈیا سے خواہش کی کہ سلمان خان کا شہادتی بیان مکمل ہونے تک ان کے بیان کی رپورٹنگ نہ کی جائے ۔

Salman denies he was driving or drunk during 2002 accident

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں