2/مارچ اسلام آباد پی ٹی آئی
حکومت پاکستان ملک میں مدارس بند یا ان پر کنٹرول حاصل کرنے پر غور کررہی ہے۔ ایک عہدیدار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ تاہم مدارس کا رجسٹریشن ضروری ہوگا ۔ پاکستانی مدارس پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے کا الزام عائد کیا جاتا ہے ۔ وزارت داخلہ کی پارلیمانی سکریٹری مریم اورنگ زیب نے مزید بتایا کہ غیر رجسٹرڈ مدارس کی تعداد رو ز افزوں ہے جس کے پیش نظر اسلام آباد میں53غیر رجسٹرڈ مدارس کو اس سلسلہ میں نوٹس جاری کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس لزوم کا مقصد ہر دن ایک نیا مدرسہ قائم ہونے پر روک لگانا ہے ۔ گزشتہ سال دسمبر میں پشاور اسکول قتل عام میں کم از کم150افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں134اسکولی بچے شامل تھے ۔ طالبان کے اس حملہ اور قتل عام کے بعد مدرسہ نظام سے متعلق تشویش میں اضافہ ہوا ہے جس کے سبب حکام اصلاحات پر مجبور ہوئے ۔1996میں ان دنوں کی وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے مدارس کے رجسٹریشن کا لزوم برخواست کردیا تھا ۔ ان کے اس فیصلہ کے بعد دارالحکومت اور دیگر شہروں میں نئے نئے مدارس تقریباً روزانہ قائم ہونے لگے ۔ مریم اورنگ زیب نے انسداد دہشت گردی سے متعلق نیشنل ایکشن پلان پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ملک کو گہوارہ امن بنانے کے لئے اس پلان کا نفاذ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نوا ز شریف خود بھی نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں جس کے تحت خصوصی عدالتوں کا قیام ضروری ہے ۔ خصوصی عدالتوں کے قیام کا مقصد دہشت گرد سر گرمیوں میں ملوث ملزمین اور فرقہ پرست تنظیموں کے خلاف مقدمات کی سماعت کو تیز تر بنانا ہے ۔ اسلحہ لائسنس سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اس مرحلہ میں نئے لائسنس جاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پرانے اسلحہ لائسنس کی درستگی اور انہیں ڈیجیٹل بنانے کا عمل جاری ہے۔ مریم اورنگزیب نے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت جلد ہی ایک ایسا ہیلپ لائن قائم کرے گی جس کے ذریعہ عوام اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے راست طور پر وزیر اعظم سے ربط قائم کرسکیں گے ۔1990کے اواخر میں شریف کے سابق میعاد کے دوران ہیلپ لائن کا آغاز ہوا تھا جس کا احیا ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے تاہم ہیلپ لائن کے احیاء کی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔Registration of madrassas must in Pakistan: Official
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں