معیشت کے استحکام کے لئے شرح سود میں کمی - مملکتی وزیر فینانس جینت سنہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-05

معیشت کے استحکام کے لئے شرح سود میں کمی - مملکتی وزیر فینانس جینت سنہا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ریزروبینک آف انڈیا کی جانب سے شرحوں میں کمی کرنے سے ملکی معیشت میں بہت جلد تیزی آنے کی توقع ہے مرکزی مملکتی وزیر فینانس جینت سنہا نے کہا کہ اس فیصلہ سے خاص طور پر قرضوں کی مساوی ماہانہ اقساط(ای ایم آئی) کم ہوجانا چاہئے اور دیگر شرحوں میں مزید کمی کی گنجائش ہے ۔ شرحوں میں0.25فیصد تک کمی لانے کے آر بی آئی کے فیصلہ کے فوری بعد سنہا نے کہا کہ شرحوں میں کمی گزشتہ ہفتہ پیش کردہ عام بجٹ کے لئے خطہ اعتماد کا حصول ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ شرحوں میں کمی سے عنقریب ملک کی معیشت میں تیزی آئے گی اور خاص طور پر مساوی ماہانہ اقساط( ای ایم آئی) کی رقم گھٹ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آر بی آئی نے واضح طور پر اشارہ کردیا کہ اعداد و شمار کے مطابق شرحوں میں اضافہ ہونے سے کیا صورتحال پیدا ہوگی۔ دریں اثناء انہوں نے کہا کہ شرحوں میں مزید کمی کرنے کی گنجائش ہے ۔ مرکزی مملکتی وزیر نے کہا کہ افراط زر سے متعلق توقعات ختم ہوگئی ہیں ۔ اور عالمی سطح پر تفریط زر کا رجحان فروغ پارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں کہہ دیا کہ ہم مالیاتی روڈ میاپ پر غور کررہے ہیں ہمارا منشا یہ ہے کہ ترقی ٹھوس بنیادوں پر ہو۔ گرانی بھی نہ ہو، ہم ایسی صورتحال میں ہین، جہاں مساوی ماہانہ اقساط(قرض کی ادائیگی) کے لئے کم ہوگئی ہیں۔ مملکتی وزیر فینانس نے کہا کہ آر بی آئی نے بجٹ میں رکھے گئے توازن کی ستائش کی ہے ۔ یہ تمام ہندوستانی شہریوں کے لئے خوش آئند اقدام ہے کیونکہ ہر کوئی معیشت میں بہت جلد تیزی کی توقع کررہا ہے ۔ چیف اکنامک ایڈوائزر سبرامنیم نے کہا کہ آر بی آئی کی جانب سے شرحوں میں کمی ایک خوش آئند اقدام ہے ۔ اور معیشت کے لئے بہت اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے نقطہ نظر سے حکومت اور آر بی آئی اپنے نظریات کو باہمی طور پر ایک دوسرے کو واقف کرارہے ہیں ۔ جبکہ حکومت کے اقدام سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ تفریطی ترقی کے لئے بجٹ خوشگوار ہے۔ ریزروبینک آف انڈیا نے آج بنچ مارک سود کی شرحوں7.5فیصد کو0.25تک کم کرکے مارکٹ کو حیرت زدہ کردیا۔ مختصر مدتی قرض کی فراہمی کی شرحوں (ریپو) کو فوری اثر کے ساتھ7.75فیصد سے گھٹا کر7.5فیصد کردیا ہے اور دیگر شرحوں کو اس کی مناسبت سے ہم آہنگ کیاجائے گا ۔ آر بی آئی کے گورنر رگھو رام راجن نے آج صبح ان شرحوں کا اعلان کیا ہے ۔ شرحوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ ہی بی ایس سی سنسکس میں30000نشانات تک اضافہ ہوگیا ۔ ڈھائی ماہ سے کم عرصہ میں دوسری مرتبہ آر بی آئی معمول کی نظر ثانی کے علاوہ سودی شرحوں میں کمی لائی ہے ۔ قبل ازیں15جنوری کو بینک نے ریپو کی شرحوں میں0.25فیصد کی کمی لاتے ہوئے7.75فیصد کردیا تھا۔

Rate cut a vote of confidence in budget - Jayant Sinha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں