راہول گاندھی کی آئندہ ہفتہ واپسی - سینئر کانگریسی قائد کمل ناتھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-06

راہول گاندھی کی آئندہ ہفتہ واپسی - سینئر کانگریسی قائد کمل ناتھ

ناگپور
پی ٹی آئی
سابق مرکزی وزیر کمل ناتھ نے آج یہاں کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی جو رخصت پر ہیں، آئندہ ہفتہ کے اوائل میں دوبارہ سر گرم ہوجائیں گے ۔ سینئر کانگریس قائد نے کل شام یہاں سے تقریباً40کلو میٹر دو انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ٹکنالوجی( آئی ایم ٹی) کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے وقفوں کے دوران کہا کہ راہول گاندھی تقریباًپانچ دن بعد اپنی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کریں گے ۔ پارلیمنٹ کے جاریہ بجٹ اجلاس کے دوران راہول گاندھی کی غیر حاضری پر سیاسی حلقوں میں سخت تنقید کی گئی ۔ وہ پارلیمنٹ اجلاس کے آغاز سے عین قبل اچانک رخصت پر چلے گئے جب کہ اے آئی سی سی کا اجلاس بھی جلد ہی منعقد ہونے والا ہے ۔ کانگریس نے کہا کہ انہوں نے کچھ عرصہ کے لئے بریک لیا ہے ، لیکن یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں وہ پارٹی امور سے نمٹنے میں آزادی نہ دئیے جانے سے دلبرداشتہ ہیں ۔ کمل ناتھ نے کہا کہ راہول کو پارٹی کی قیادت سونپی جانی چاہئے تاکہ پارٹی کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ راہول گاندھی میں پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنے کی صلاحیت ہے ۔ کمل ناتھ نے ایک خانگی نیوز چینل کو بتایا کہ کانگریس دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے۔ اگر کسی معاملہ کو سونیا گاندھی سے رجوع کیاجاتا ہے تو اس کی ذمہ داری راہول کو دی جاتی ہے اور وہ دوبارہ اسے اپنی ماں سے رجوع کردیتے ہیں جس کے نتیجہ میں پارٹی ارکان الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں ۔
اسی دوران کوچی سے موصولہ اطلاع کے مطابق کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر وی ڈی ستیشن نے ایک ایسا تبصرہ کرتے ہوئے جس سے کانگریس میں بحران میں اضافہ ہوسکتا ہے ، آج بعض سینئر پارٹی قائدین پر کڑی تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ وہ نائب صدر کانگریس کی شبیہ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی کے وفادار سمجھے جانے والے ستیشن نے نائب صدر کانگریس کو دیانت دار اورپر خلوص سیاسی قائد قرار دیا ۔ انہوں ںے کہا کہ راہول گاندھی نے کبھی کرپشن کو برداشت نہیں کیا ۔ بعض سینئر پارٹی قائدین انہیں نشانہ بنارہے ہیں جن کی بدعنوانی اور غیر مقبول معاشی پالیسیاں لوک سبھا و اسمبلی انتخابات میں یوپی اے کی شکست کی اہم وجوہات ہین ۔ ستیشن نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ جو لوگ بد عنوانیوں میں ملوث ہیں اور جو غیر مقبول فیصلوں کے پس پردہ رہے ہیں اور ان کے علاوہ ایسے لوگ جو کارپوریٹ گھرانوں کے فرمانبردار ملازم رہے ہیں اور معاشی اصلاحات کی ہیں، ان کی وجہ سے امیروں اور غریبوں کے درمیان بڑا تفاوت پیدا ہوگیا ۔ یہ لوگ منظر عام پر نہیں آتے ۔ اب وہ تمام تر الزام راہول جی پر ڈال رہے ہیں ۔ اس (راہول گاندھی کو نشانہ بنانے) کے پس پردہ وہی ہیں ۔

Rahul Gandhi will be back next week, says Congress' Kamal Nath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں