سری لنکا کی ترقی کے لئے تاملوں کو یکساں حقوق ملنے ضروری - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-15

سری لنکا کی ترقی کے لئے تاملوں کو یکساں حقوق ملنے ضروری - وزیراعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ تملوں کو تمام مناسب حقوق مہیا کرنے سے ہی سری لنکا کی ترقی ہوگی اور ترقی کے لئے امن ، اتحاد اور بھائی چارہ، فارمولہ اپنانا ہوگا ۔ مسٹر مودی نے سری لنکا کے تمل اکثریتی علاقے جافنا میں ایک ثقافتی پروگرام کے مرکز کا افتتاح کرنے کے بعد وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، آپ کی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران بھی میں نے اس پر زور دیاتھا ۔ انہوں نے جافنا کے اپنے دورے کو کافی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جافنا ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پوری دنیا اسے دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ، یہ میری خوش قسمتی ہے کہ آج میں اس سر زمین پر کھڑا ہوں ، مسٹر مودی نے ہندوستان کی مدد سے تعمیر27ہزار مکانات مہاجرین اور سری لنکائی تمل کو سونپے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ محض اینٹ گارے سے بنے ہوئے مکان نہیں ہیں بلکہ جافنا کے لوگوں کی زندگی میں خوشیاں لانے کی سنجیدہ اور عاجزانہ کوشش ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ اس منصوبہ کے دوسرے مرحلہ میں45ہزار مکانوں کی تعمیر کی جائے گی ۔ مسٹر مودی تین سال تک چلنے والی خانہ جنگی میں بری طرح تباہ ہوئے جافنا کرنے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہیں ۔ اس تمل اکثریتی علاقے میں مسٹر مودی کے دورہ کا مقصد سری لنکا کی حکومت کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہندوستان کے لئے تملوں کے حقوق کا موضوع سب سے اہم ہے اور اس کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی سمت میں یہ اہم کردار نبھائے گا ۔ جافنا کا دورہ کرنے سے پہلے کل سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ آج آپ کی حکومت کے لئے سماج کے تمام طبقوں کا دل جیتنے اور ان کے زخموں پر مرہم لگانے کا ایک تاریخی موقع ہے۔ مسٹر مودی نے تلئی منارمیں ٹرین سروس کی ہری جھنڈی دکھانے ، ایک ثقافتی مرکز کا سنگ بنیاد رکھنے اور27ہزار مکانوں کو سونپنے کے موقع پر سری لنکا میں باز آباد کاری کے عمل میں ہندوستان کی شراکت پر زور دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم نے سری لنکا کو یقین دلاتے ہوئے کہ اس کے ساتھ تجارتی عدم توازن دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ، پورے وثوق کے ساتھ کہاکہ ہندوستان اور سری لنکا دونوں کو اس جامع اقتصادی سا جھیداری کے معاہدے سے بے خوف ہوکر رجو ع کرنا چاہئے جو ایک زمانے سے التوا میں پڑا ہے ۔ مودی نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کے ساتھ عالمی معاملات اب جہاں اعتماد کی نئی سطح پر ہیں وہیں ہمسایہ سری لنکا کے اندر بھی ہندوستان کا ایک مضبوط اقتصادی ساجھیدار بننے کی پوری صلاحیت ہے۔ مودی نے کہا کہ سری لنکا کو اقتصادی اعتبار سے ہندوستان کے بڑے ملک ہونے کو مثبت طور پر دیکھنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات کل را ت یہاں سیلون چیمبر آف کامرس میں سری لنکائی تجارتی برادری سے خطاب کے دوران کہی۔ نریندر مودی نے کہا کہ وہ متوازن تجارتی فروغ کے حق میں ہیں اور ہندوستان کی منڈی تک سری لنکا کی رسائی آسان بنائی جائے گی ۔ سری لنکا کے2روزہ دورہ پر آئے نریندر مودی نے جو1987ء کے بعد اس ملک کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیاجاسکتا کہ سری لنکا جنوبی ایشیا میں ہندوستان کا ایک بڑا تجارتی ساجھیدار ہے ۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان2013-14میں باہمی تجارت5.23بلین ڈالر کی تھی۔ ہندوستان نے جہاں3.98ڈالر کی برآمدات کی تھیں وہیں سری لنکائی برآمدات67کروڑ80لاکھ کی تھی ۔ مودی نے کہا کہ قوموں کی تقدیر ہمسایوں سے جڑی ہوئی ہوتی ہے اور وہ اقتصادی اعتبار سے کسی کے چھوٹے یا بڑے ہونے کو کسی کے حق میں نقصان دہ نہیں سمجھتے ۔

Sri Lanka visit: PM Narendra Modi seeks equitable development respect for all citizens in sri lanka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں