یو این آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے قطر کو ہندوستان کے پڑوس کا ایک حصہ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ دونوں ملک تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات میں اضافہ کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں ۔ راشٹر پتی بھون میں کل رات امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے اعزاز میں ایک بینکو ویٹ کا اہتمام کیا گیا ۔ صدر جمہوریہ نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی قربت اور ثقافتی بنیادوں پر ہندوستان اور قطر کے گہرے تاریخی تعلقات ہیں ۔ قطر، ہندوستان کے توسیع شدہ پڑوس کا ایک حصہ ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی روابط کی باہمی طور پر فائدہ مند ترقی پزیر اقتصادی و تجارتی تبادلوں اور عوام سے عوام کے قریبی تعلقات سے عکاسی ہوتی ہے ۔ دونوں ملک، تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات میں موجود امکانات کو حقیقت میں بدلنے مل جل کر بہت کچھ کرسکتے ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کا اعلیٰ معیاری انفراسٹرکچر پراجکٹس کی تکمیل کا تجربہ قطری دوستوں کے لئے دستیاب ہے ۔ہندوستان پر اعتماد ہے کہ وہ قطر کی اقتصادی ترقی میں ایک قابل قدر شراکت دار بنے گا اور 2022میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ کے لئے قطر کی تیاریوں میں بامعنی حصہ ادا کرے گا ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان، قطر کو توانائی کا ایک قابل اعتبار ذریعہ تصور کرتا ہے اور اس کی قدر کرتا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ملک اپنے تجارتی تعلقات کو گہری توانائی شراکت داری میں تبدیل کریں ۔ یہ کام ہندوستان میں ریفائنریز اور پٹروکیمیکلس میں ہند۔ قطر کے مشترکہ وینچرس اور تیسری دنیا کے ممالک میں مشترکہ کھوج کے ذریعہ کیاجاسکتا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے مزید کہا کہ ہندوستان قطر کے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو اپنے انفراسٹرکچر شعبہ کا جائزہ لینے اور ’’میک ان انڈیا، و ڈیجیٹل انڈیا مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے ۔ ہندوستان میں100اسمارٹ شہروں کی تعمیر کا پراجکٹ بیرونی شراکت داری کے لئے کھلا ہے ۔ تعمیری، ریلویز اور دفاعی شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کی موجود ہ حد کو بڑھادیا گیا ہے ۔ ہندوستان مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں نئی شراکت داری اور اشتراک کا متمنی ہے ۔ قطر میں ہندوستانی برادری نے میزبان ملک کی ترقی و کامیابی کے لئے مثبت حصہ ادا کیا ہے جس کی ستائش کی گئی ہے اور جسے تسلیم کیا گیا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ قطر کا تعلق ایک ایسے خطہ سے ہے۔ جو ہندوستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ قطر نے ہندوستانی تارکین وطن کی کثیر تعداد کو گلے لگایا ہے اور خوشحالی حاصل کرنے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ مغربی ایشیاء میں امن و استحکام دونوں ملکوں کے لئے مشترکہ دلچسپی کا معاملہ ہے ۔ دہشت گردی اور بحری قزاقی سے نمٹنے ہندوستان اور قطر کے درمیان تعاون ناگزیر ہے کیونکہ اس کی وجہ سے دونوں ملک متاثر ہیں ۔ قبل ازیں امیر قطر نے راشٹر پتی بھون پہنچ کر صدر جمہوریہ سے ملاقات کی۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امیر قطر کے دورہ سے جو ان کا ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستحکم ہوں گے ۔
Opportune Time to Invest in India: Prez Tells Qatar Emir
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں