جموں و کشمیر میں مفتی سعید حکومت کی آج حلف برداری - وزیراعظم مودی کی شرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-01

جموں و کشمیر میں مفتی سعید حکومت کی آج حلف برداری - وزیراعظم مودی کی شرکت

جموں
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر میں49دن کے بعد اتوار کو منتخب حکومت دوبارہ واپس آجائے گی، جب پی ڈی پی لیڈر مفتی سعید بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیں گے ۔ بی جے پی اس طرح پہلی مرتبہ ریاست میں اقتدار پر آئے گی ۔79سالہ مفتی سعید کو گورنر این این ووہرا ایک تقریب میں عہدہ کا حلف دلائیں گے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے ۔ مرکزی وزراء بشمول وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور سینئر بی جے پی قائدین امیت شاہ، ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی بھی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ مفتی سعید نے آج دوپہر ووہرا سے ملاقات کی جس کے بعد راج بھون کے ترجمان نے بتایا کہ گورنر نے مفتی سعید کو تشکیل حکومت کی دعوت دی ہے ۔ ایک دن قبل ہی انہیں پی ڈی پی کی مقننہ پارٹی نے لیڈر کی حیثیت سے منتخب کیا تھا۔ جموں یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں مفتی سعید12ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے دن کے 11بجے حلف لیں گے جس کے ساتھ ریاست میں عمر عبداللہ کے استعفیٰ کے بعد49دن سے جاری گورنر راج ختم ہوجائے گا ۔ حلف برداری کے ساتھ ہی مفتی سعید تقریباً ایک دہے کے بعد اعلیٰ عہدہ پر واپس لوٹیں گے ، جنہوں نے جنوری2002ء سے تین سال کے لئے پی ڈی پی ، کانگریس مخلوط حکومت کی قیادت کی تھی۔ توقع ہے کہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کی حکومت جسے مفتی سعید نے قطب شمالی اور قطب جنوبی کا ملاپ قرار دیا ہے پی ڈی پی کے 12اور بی جے پی کے اتنے ہی ارکان اسمبلی کو وزیر کی حیثیت سے شامل کیاجائے گا جن میں نرمل سنگھ بھی شامل ہوں گے جو متوقع ڈپٹی چیف منسٹرہیں۔ امکان ہے کہ علیحدی پسند سے سیاستداں بننے والے اور پیپلز کانفرنس کے لیڈر سجاد لون بھی مخلوط حکومت میں شامل ہوں گے ۔ حلف برداری تقریب کے مقام پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے ۔
جموں
پی ٹی آئی
کانگریس اور نیشنل کانفرنس جو جموں و کشمیر کے سابق حکمراں اتحاد میں شامل تھیں امکان ہے کہ اتوار کو ریاست میں مفتی محمد سعید کی زیر قیادت پی ڈی پی ، بی جے پی حکوم تک تقریب حلف برداری سے دور رہیں گی ۔ ایک سینئر کانگریس لیڈر نے بتایا کہ ہم کل تقریب سے دور رہیں گے۔ پارٹی کا کوئی بھی لیڈر دہلی سے تقریب میں شرکت کے لئے نہیں آرہا ہے ۔6سال ریاست پر حکومت کرنے والے نیشنل کانفرنس کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قیادت تقریب سے اجتناب کرے گی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کرنے والے ہیں۔ کئی دوسرے سرکردہ بی جے پی قائدین بھی توقع ہے کہ اس تقریب میں شرکت کریں گے جس میں ملک کی واحد مسلم اکثریتی ریاست میں پہلی بی جے پی حکومت کام کرے گی ۔ سی پی آئی ایم کے واحد رکن اسمبلی محمد یوسف تریگامی بھی امکان ہے کہ تقریب سے دور رہیں گے ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب بی جے پی کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد کرکے پہلی مرتبہ حکومت بنانے جارہی ہے آر ایس ایس کے ترجمان آرگنائزر نے آج کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جس سے ریاست کے قومی دھارے میں شامل ہونے میں مدد ملے گی ۔ لیکن یہ اعتراف بھی کیا گیا کہ وہاں حکومت چلانا بے حد مشکل ہوگا۔ آر ایس ایس کے ترجمان آرگنائزر میں شائع ادا ریہ میں کہا گیا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان مفاہمت کا سب سے اہم نتیجہ یہ ہے کہ ریاست جمون و کشمیر قومی دھارے میں شامل ہورہی ہے ۔ آرگنائزر نے کہا کہ علیحدگی پسند رجحانات کے دباؤ سے دور رہنا اور ترقی پر توجہ دینا نیز حکمرانی میں شفافیت بہت اہم ہوں گے ۔

Mufti Sayeed-led govt to be sworn in J&K today, PM to attend

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں