پارلیمنٹ کامپلکس کے اے سی پلانٹ میں آتشزدگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-23

پارلیمنٹ کامپلکس کے اے سی پلانٹ میں آتشزدگی

نئی دہلی
یو این آئی
پارلیمنٹ ہاؤز کے احاطہ میں آج سہ پہر آتشزدگی کا ایک واقعہ پیش آیا جس پر جلد ہی قابو پالیا گیا ۔ این ڈی ایم سی ورکر اجئے کمار نے بتایا کہ آتش فروئی کے لئے فوراً ہی10فائر انجن پہنچ گئے ۔ اب تک کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ کمار نے بتایا کہ پارلیمنٹ وزیٹرس گیٹ نمبر5کے قریب اے سی پاور یونٹ میں شارٹ سرکٹ کے سبب9شعلے بھڑک اٹھے۔ قرب و جوار کے دکانداروں نے سب سے پہلے عمارت سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے ۔ پولیس عملہ بھی عمارت کے ارد گرد کی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت پر کنٹرول میں فوراً مصروف ہوگیا۔ دہلی فائر سرویس ڈائرکٹر اے کے شرما نے بتایا کہ کنٹرول روم کو آتشزدگی کی اطلاع14:21بجے موصول ہوئی اور14:38بجے آتش فرو عملہ مقام واقعہ پہنچ گیا اور آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا ۔ آگ، شاید اے سی پلانٹ روم میں ہی لگی تھی ۔ پارلیمنٹ ہاؤز کی مخصوص عمارت پر کوئی آنچ نہیں آئی۔ پی ٹی آئی کے بموجب پارلیمنٹ کمپلیکس کے اندر اے سی پلانٹ میں ویلڈنگ کا کام جاری تھا کہ آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں یونٹ تباہ ہوگیا۔ پارلیمنٹ کی خصوصی عمارت میں اس کے سبب ایر کنڈیشنگ متاثر رہی ۔30منٹ کے جدو جہد کے بعد 10فائر انجن اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ۔ دہلی فائر سرویس چیف اے کے شرما نے بتایا بظاہر یہ لاپرواہی اور غفلت کا نتیجہ ہے کہ نگہداشت سے متعلق امور کے دوران سلامتی کے مقررہ اصولوں پر توجہ مرکوز نہیں رکھی گئی ۔ عہدیداروں نے تاہم وضاحت کی کہ آگ بھیانک ضرور لگی تھی ، تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا ۔88سالہ قدیم پارلیمنٹ ہاؤز کی مخصوص عمارت سے چند سوگز کے فاصلہ پر شعلوں کی لپک دیوار کو لپیٹ میں لینے کی کوشش کرتی رہی تاہم عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ یہ واقعہ ایسے حالات میں پیش آیا کہ جمعہ کو لو سبھا اور راجیہ سبھا کو ایک ماہ کے توقف کا اعلان ہواتھا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ اور اس کے اسباب معلوم کرنے کے لئے تحقیقات ہوں گی، بلکہ ہم نے اس عمل کا آغاز بھی کردیا ہے ۔ ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک ضرور پہنچایاجائے گا ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس( نئی دہلی) ایم کے مینا نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت داخلہ نے اس واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے ۔ کامپلیکس میں آتشزدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔

Massive Fire at Parliament Complex

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں