اراضی بل کے خلاف راشٹرپتی بھون تک مارچ - سونیا گاندھی کی قیادت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-18

اراضی بل کے خلاف راشٹرپتی بھون تک مارچ - سونیا گاندھی کی قیادت

نئی دہلی
یو این آئی
13بڑی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن کے تقریباً100سے زائد پارلیمنٹ نے این ڈی اے حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں متعارف کردہ اراضی بل کے خلاف بطور احتجاج پارلیمنٹ سے راشٹر پتی بھون تک مارچ کا آغاز کیا ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد کو ظاہر کرنیو الے اس مارچ کی قیادت صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کی ۔ اپوزیشن قائدین نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں مجسمہ گاندھی سے راشٹر پتی بھون تک مارچ نکالا اور صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کو یادداشت پیش کی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرکانگریس سونیا گاندھی نے کہا’’اراضی بل پر ہم مودی حکومت کی مخالفت کرتے ہیں اور اس کے منصوبوں کو شکست دینے کا عزم رکھتے ہیں ۔ ہم نے صدر جمہوریہ سے گزارش کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں اور مودی حکومت کو ہدایت دیں کہ وہ راجیہ سبھا میں اراضی بل کو آگے نہ بڑھائیں۔ اس مارچ میں حصہ لینے والے اہم قائدین میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، ایوان بالا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، جے ڈی یو کے سربراہ شرد یادو ، سی پی ایم کے سیتا رام یچوری ، سی پی آئی کے ڈی راجی اور ترنمول کانگریس کے دیراک اوبریان شامل ہیں ۔ اے آئی اے ڈی ایم کے ، بیجو جنتادل اور بہوجن سماج پارٹی نے اس مارچ میں حصہ نہیں لیا ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کی اکثریت حاصل ہے۔ کانگریس جس نے بیمہ اصلاحات کومنطور کروانے میں راجیہ سبھا میں مدد کی تھی اراضی بل کی تائید کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ صرف2013ء میں منظور ہ اپنی حکومت کے ورژن کی ہی تائید کرے گی ۔ جس پر تمام پارٹیوں بشمول بی جے پی کا اتفاق رائے تھا۔ کانگریس نے کہا کہ وہ اپنے اس مطالبہ پر قائم ہے کہ موجودہ بل کو نظر ثانی کے لئے پارلیمانی کمیٹی کو بھیجاجائے ۔ واضح رہے کہ حکومت کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بعجلت اس بل کو منظور کرانے کی ضرورت ہے ۔ قبل ازیں دہلی پولیس نے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ ہاؤز سے راشٹر پتی بھون تک آج مارچ نکالنے کی اجازت نہیں دی تھی تاہم بعد میں پولیس نے اپنے موقف پر نظر ثانی کی اجازت نہ ملنے پر کانگریس نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک پر پولیس راج کے گجرات مادل کو مسلط کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ پارٹی کی ترجمان ریٹا بہو گنا جوشی نے اے آئی سی سی کی بریفنگ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اس بات کو برداشت نہیں کرے گی کہ کسانوں کی آواز کو دبایاجائے ۔

Land Bill: Sonia Gandhi leads opposition march to Rashtrapati Bhawan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں