اعلی افغان قائدین سے معتمد خارجہ ہند جئے شنکر کی ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-05

اعلی افغان قائدین سے معتمد خارجہ ہند جئے شنکر کی ملاقات

کابل
پی ٹی آئی
معتمد خارجہ ہند ایس جئے شنکر نے آج یہاں افغانستان کی اعلیٰ قیادت سے بات چیت کی ۔ ہندوستان کے ترقیاتی پراجکٹس اور جنگ سے متاثرہ ملک(افغانستان) میں سلامتی کی صورتحال جیسے مسائل پر بڑی حد تک توجہ مرکوز کی گئی ۔ جئے شنکر کی اس سارک یاترا کا مقصد، سارک ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مستحکم کرنا اور علاقائی اور باہمی تعاون کا جائزہ لینا ہے ۔ جئے شنکر ، اسلام آباد سے کابل پہنچے تھے ۔ انہوں نے صدر اشرف غنی اور سی ای او عبداللہ عبداللہ کے علاوہ دیگر افغان قائدین سے تبادلہ خیال کیا ۔ افغان قائدین نے ہندوستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے لئے ہندوستان’’ پسندیدہ شراکت دار ہے ۔‘‘ افغانستان میں استحکام و سلامتی کے مقصد کے فروغ میں ہندوستان کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری عہدیداروں نے یہاں بتایا کہ ان ملاقاتوں کے دوران اصل توجہ افغانستان میں ہندوستان کے ترقیاتی پراجکٹس پر مرکوز رہی ۔ جنگ سے تباہ اس ملک میں ارتباط اور سیکوریٹی صورتحال کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ معتمد خارجہ ہند نے وزیر داخلہ افغانستان صلاح الدین ربانی اور سابق صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کی ۔ جئے شنکر نے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی سے بھی ملاقات کرکے تفصیلی طور پر بات چیت کی۔ معتمد خارجہ ہند جس وقت یہاں پہنچے، ہلکی برفباری ہورہی تھی ۔ طیران گاہ کابل پر سینئر افغان عہدیداروں اور ہائی کمشنر ہند امر سنہا نے ان کا استقبال کیا۔ آج دورہ افغانستان کے بعد جئے شنکر کی سارک یاترا کے پہلے حصہ کا اختتام ہوا ۔ یہ یاترا، گزشتہ اتوار کو بھوٹان سے شروع ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش اور پاکستان کا بھی دورہ کیا۔

سری نگر سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اعتدال پسند حریت کانفرنس نے ہندوستان اور پاکستان کے معتمدین خارجہ کی ملاقات کو ایک ’’مثبت تبدیلی‘‘ قرار دیا ہے ۔ تاہم دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے اپیل کی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر مزید سنجیدگی سے غور کریں اور اس معاملہ کو ترجیح دیں۔ اعتدال پسند حریت لیڈر میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے سے بات چیت کریں اور جموں و کشمیر کی قیادت کو مسئلہ کے حل کی دریافت کی مشترکہ کوششوں میں شامل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ’’ مسئلہ کے حل کے لئے واحد چیز، سیاسی عزم ہے ۔

FS meets Afghan President, top officials; discusses security concerns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں