سرحد پر امن و سکون برقرار رکھنے ہندوستان اور چین کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-25

سرحد پر امن و سکون برقرار رکھنے ہندوستان اور چین کا فیصلہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
ہندوستان اور چین نے اپنی سرحدی علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ باہمی تعلقات میں اضافہ کے ذریعہ کلیدی شعبوں بشمول دہشت گردی سے مقابلہ کرنا، سمندری سیکوریٹی اور سیول نیو کلیر توانائی کے سیکٹر میں تعاون کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے قیام کے بعد نئی دہلی میں ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی تنازعہ کو حل کرنے کے لئے آج یہاں دونوں ملکوں کے خصوصی نمائندوں کے درمیان18ویں دور کی بات چیت مکمل ہوگئی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعہ کے معاملہ کو حل کرنے کی کوششوں کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں جاری ایک بیان میں بتایا کہ اس بات چیت میں ہندوستان کی طرف سے خصوصی نمائندے کے طور پر قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول اور چین کی طرف سے اسٹیٹ کاؤنسلر یانگ جیجی نے شرکت کی ۔ دونوں خصوصی نمائندوں نے سرحد سے متصل علاقوں میں پر امن اور دوستانہ ماحول برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کرنے کابھی فیصلہ کیا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں نمائندوں نے بات چیت کے عمل میں کی گئی پیش رفت پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی تنازعہ کا منصفانہ موزوں اور دونوں فریقوں کے لئے قابل قبول جلد از جلد حل نکالنے کے لئے سہنکاتی پروسس پر عمل کو یقینی بنایاجائے۔ تاہم وزارت خارجہ نے اس مسئلے پر ہونے والی پیش رفت کی خصوصی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا۔ واضح رہے کہ دونوں ملکوں نے2005میں ا پنے سرحدی اختلافات کے تصفیے کے لئے سیاسی زاویوں اور رہنما اصولوں سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں بات چیت کے رہنما اصولوں پر گفتگو کی گئی ہے اور اب یہ بات چیت دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس میں سرحدی تنازعہ کے امور سے متعلق فریم ورک پر گفتگو کی جارہی ہے ۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ سیاسی زاویوں اور رہنما اصولوں سے متعلق سابقہ معاہدے کی بنیاد پر ہی دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تنازعہ کا دوستانہ اور قابل قبول حل نکالنے کے لئے دونوں ملکوں کے خصوصی نمائندوں نے بات چیت کو آگے بڑھایا۔یہ بات چیت تعمیری اور پر امید ماحول میں کی گئی ۔ اس موقع پر چین کے خصوصی نمائندے مسٹر یانگ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی اور انہیں ا پنے ملک کے صدر می جنپنگ اور پریمیئیر لی کیپننگ کی مبارکباد پیش کی ۔ خیال رہے کہ ہندوستان مین بی جے پی کی زیر قیادت نئی حکومت بر سر اقتدار آنے کے بعددونوں ملکوں کے خصوصی نمائندوں کی سطح پر ہونے والی پہلی بات چیت ہے ۔ اس بات چیت میں دونوں ملکوں کے نمائندوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور گزشتہ سال ستمبر میں صدر زی جن پنگ کے دورہ ہند کے بعد دونوں ملکوں کے آپسی تعلقات میں مثبت ترقی ہونے کا ذکر کیا۔

China says it agrees with India to maintain border peace

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں