بوکو حرام کی وفاداری قبول کرنے داعش کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-14

بوکو حرام کی وفاداری قبول کرنے داعش کا اعلان

بغداد
یو این آئی
عراق اور شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر جاری کردہ ایک صوتی پیغام کے مطابق تنظیم نے نائیجیریا کے شدت پسند گروہ بوکو حرام کی جانب سے وفاداری کی پیشکش قبول کرلی ہے ۔ اس غیر مصدقہ پیغام میں داعش کے ایک ترجمان کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ خلافت کے نفاذ کا دائرہ اب مغربی افریقہ تک پھیل گیا ہے ۔ گزشتہ ہفتہ بوکو حرام نے وفاداری کا اعلان ٹوئٹر پر تنظیم کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کے اکاؤنٹ سے جاری کئے جانے والے ایک آڈیو پیغام میں کیا تھا ۔ واضح رہے کہ شدت پسند تنطیم بوکو حرام نے افریقہ میں بغاوت شروع کررکھی ہے ۔ اس نے شمالی نائیجیریا کے بڑے حصہ پر تسلط قائم کیا ہے اور نائیجیریا کی سالمیت کے لئے خطرہ بننے کے علاوہ پڑوسی ملک کیمرون کے ساتھ بھی سرحد پر نیا محاذ کھول دیا ہے ۔ داعش کے ممکنہ صوتی پیغام میں ایک شخص اپنا تعارف تنظیم کے ترجمان محمد العدنانی کے طور پر کراتا ہے اور کہتا ہے کہ ہم خلافت کی مغربی افریقہ تک پھیلاؤ کی اچھی خبر سنارہے ہیں کیونکہ خلیفہ نے ہمارے برادر سنی گروپ کی جانب سے تبلیغ اور جہاد کے لئے وفاداری کی پیشکش قبول کرلی ہے ۔ پیغام میں مسلمانوں سے مغربی افریقہ میں شدت پسند کا ساتھ دینے کے لئے بھی کہا گیا ہے ۔ ایک ویڈیو پیغام میں ابوبکر شیکاؤ نے ابوبکر البغدادی کو خلیفہ کہہ کر مخاطب کیا تھا ۔ تا حال آزاد ذرائع سے اس پیغام کی اصلیت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس ایک ویڈیو پیغام میں بوکو حرام کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ نے دولت اسلامیہ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو خلیفہ کہہ کر مخاطب کیا تھا ۔ ابوبکر شیکاؤ کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ وہ ایک تنہائی پسند بے خوف اور پیچیدہ شخصیت کے مالک ہیں۔ ماضی میں پاکستان اور افغانستان میں چند شدت پسند رہنما دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کا اعلان کرچکے ہیں ۔ جب کہ دولت اسلامیہ شمالی افریقہ اور جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے ساتھ اپنے روابط بڑھا چکی ہیں ۔

ISIS accepts Boko Haram's allegiance pledge

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں